سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اپنی حکومت میں ہم نے پیٹرول پر 15 روپے سبسڈی دی، مزمل اسلم
مزمل اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ٹیکس ٹارگٹ پر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معاملہ بگاڑ دیا ہے، اب نالائقوں کی حکومت آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے پہلے کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ نومبر میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے، آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ جنوری کے بعد ٹیکس کی رفتار کم ہو جائے گی، آئی ایم ایف نے خسارہ کم کرنے کیلئے پیٹرولیم لیوی بڑھانے کو کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور میں 15 روپے پیٹرول پر 25 روپے ڈیزل پر سبسڈی دی۔
واضح رہے کہ کل وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کا اعلان کیا گیا، وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 179 روپے 86 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 174 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 155 روپے 56 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 148 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 27 مئی سے پٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر اضافہ ہوگا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، پیٹرول کی قیمت 179.86 روپے، ڈیزل 174.15 روپے، کیروسین آئل کی قیمت 155.56 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل 148.31 روپے ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی تیس روپے قیمت بڑھانے کے بعد ڈیزل پر حکومت 56.71 روپے، پٹرول پر 37.84 روپے لائٹ ڈیزل، 21.83 روپے کیروسین آئل اور 17.02 روپے پٹرول پر نقصان کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں، عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے، پیٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب طبقہ دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم قیمتیں بڑھائے بغیر آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں مل سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے، پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرتے تو روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ میں گرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب لگا کہ ان کی حکومت جانے لگی ہے تو انہوں نے بارودی سرنگ رکھ دی ہے، حکومت 56 روپے اپنے پلے سے ڈیزل پر دے رہی ہے۔
مفتاح اسماعل کا کہنا تھا کہ جس لاگت پر ہم پیٹرول لے رہے ہیں اس سے بھی کم قیمت پر ہم عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دے رہے ہیں، غریب لوگوں سے پیسہ لے کر امیر لوگوں کی جیب میں ڈالنا کہاں کا انصاف ہے؟ غریب عوام سے پیسہ لے کر سبسڈی بڑی گاڑی والوں کو ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر تیل کی قیمتوں پر سبسڈی دی، چینی کی قیمتیں ہم نے کم کیں، خوردنی تیل کی قیمت دنیا بھر میں بڑھ جاتی ہے تو اس میں ہمارا قصور نہیں ہے؟ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ قیمتیں کم کی جائیں، روپے کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے تو ان چیزوں کی قیمتیں کم ہوں گی۔
پی ٹی آئی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل
علاووہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یکدم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام امپورٹڈ حکومت کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کررہی ہے، نالائق حکومت نے روس سے 30 فیصد کم ریٹ پر تیل خریدنے کی ہماری ڈیل پر عمل نہیں کیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ امریکی اتحادی بھارت نے روس سے تیل لے کراپنی عوام کیلئے فی لیٹر 25 روپے سستا کیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اب ہماری عوام ان بدمعاش سازشیوں کے ہاتھوں مہنگائی کے ایک نئے طوفان بھگتے گی۔
In contrast India, strategic ally of US, has managed to reduce fuel prices by Pkr 25 per litre by buying cheaper oil from Russia. Now our nation will suffer another massive dose of inflation at the hands of this cabal of crooks.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 26, 2022
صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے اپنی نااہلی کا تمام بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظالم حکمران اپنی چوری کو بچانے میں لگی ہوئی ہیں، کرپٹ لٹیرے حکمرانوں کو غریب عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
صدر پی ٹی آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی، پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ جعلی حکمران غریب عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے، حکومت غریب عوام کا خون چوس رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے والے حکمران خاندانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا،30 روپے فی لیٹر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بہت بڑا ظلم ہے۔
صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام سے کھلی دشمنی کا ثبوت ہے ، لٹیرے حکمران فوری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
