
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بدین کے علاقے میں سیلاب آچکا ہے، ضلعی انتظامیہ اس معاملے پر سیاست کر رہی ہے، سنا ہے وزیر اعظم نے ریلیف دینے کی بات کی ہے، لوکل ایڈمنسٹریشن جو سیاست چمکا رہی ہے اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک مضبوط اپوزیشن نہ ہو نہ جمہوریت ہے نہ پارلیمنٹ ہے، کیا یہ پارلیمنٹ ہے؟ پاور ٹیرف میں گیارہ روپے کا اضافہ کیا گیا، کراچی سے اس معاملے پر کسی نے بات نہیں کی، اگر مضبوط اپوزیشن ہوتی تو اس اضافے کے خلاف بات کرتی، یہاں پر عدلیہ کے اختیارات کم کیے جا رہے ہیں، آپ عدلیہ کے اختیارات بڑھا تو سکتے ہیں کم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ عدلیہ کے اختیارات کم نہیں کر سکتے، یہاں پر یکطرفہ کام ہو رہا ہے، یکطرفہ طور پر قرارداد لا کر عدلیہ کا مذاق اڑا رہے ہیں، اپوزیشن کی آواز نہیں سنی جس نے اس قرارداد کے خلاف بات کی ہو، صوبہ سندھ میں غربت کا عالم ہے بدین کے بچوں نے تین دن سے کھانا نہیں کھایا، وہاں کی حکومت کو کوئی پرواہ نہیں اپنی سیاست چمکا رہی ہے۔
فہمیدا مرزا نے کہا کہ جن علاقوں میں سیلاب آیا ان کیلئے کیا کیا جا رہا ہے؟ آپ چاہتے ہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بھی اپوزیشن کی نمائندگی نہ ہو، ملک بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے، آپ کی امپورٹس رک چکی ہیں اور ڈالر کی قیمت بڑھنا مہنگائی کی بہت بڑی وجہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News