
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کو مارک اپ ادائیگی کے لئے 96.87 ملین روپے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم ڈویژن کی قدرتی گیس کی قیمت فروخت کے بارے میں سمری پیش کی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ مارچ 2022ء تک گیس سیکٹر کا ٹیرف کا فرق 547 ارب روپے سے بڑھ چکا ہے، گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ جون 2018ء کے 299 ارب روپے سے بڑھ کر 2022ء کو 1232 ارب روپے ہو چکا ہے۔
پیش کردہ بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ محصولات نقصانات، سرکلر قرضے، سپلائی چین کے تسلسل اور نئی دریافت میں سرمایہ کاری کیلئے قیمتوں پر نظرثانی ضروری ہے۔
اجلاس میں ای سی سی نے صارفین کو گیس کی فروخت کی قیمتوں میں مجوزہ نظر ثانی کی منظوری دے دی۔
منعقدہ اجلاس میں وزیر اعظم ریلیف پیکج 2020ء کے تحت کے پی کیلئے سستا آٹا اقدام اور یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک کی توسیع سمری منظور کر لی گئی، یکم جولائی سے 31 اگست تک کے پی میں 1200 اضافی سیل پوائنٹس پر سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔
مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کو مارک اپ ادائیگی کے لئے 96.87 ملین روپے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی جبکہ ای سی سی نے یکم جولائی کا 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا بین الاقوامی ٹینڈر منسوخ کر دیا، ای سی سی نے لٹی سی پی کو تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے نئے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کے لئے گندم کی اصل ضرورت کا پتہ لگانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کے ساتھ ای سی سی نے 660 میگاواٹ کے سپر کول پاور پراجیکٹ، جامشورو کے دو یونٹس کی تعمیر کے لئے دس ارب کی گارنٹی اور جائیکا کے لئے جی ایس ٹی کی ادائیگی سے استثنیٰ کی سمری منظور کر لی گئی۔
ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، سید نوید قمر، خرم دستگیر خان، شاہد خاقان عباسی، وزیر مملکت مصدق مسعود ملک، وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News