
بلوچستان کا فضائی رابطہ منقطع ہونے کے باعث کوئٹہ ایئرپورٹ پر آپریشن معطل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
پی آئی اے نےکوئٹہ جانے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دیں، نیٹ ورک بیٹھ جانے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل اور دیگر نیٹ ورک خرابی سے فضائی رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے، کوئٹہ میں زمینی اور فضائی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے اور ریڈار سروس میں بھی فنی خرابی پیدا ہوئی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں موسلادھار بارشوں، سیلاب سے آپٹیکل فائبر کیبل کو نقصان پہنچا جس کے باعث کوئٹہ، زیارت، خضدار، لورالائی، پشین میں وائس اور ڈیٹا سروسز متاثر ہوئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چمن، پنجگور، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں بھی سروسز متاثر ہیں، بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں موبائل، انٹر نیٹ سروس بحال کرنے کی کوششیں جاری ہے۔
پی ٹی اے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
خیال رہے طوفانی بارشوں کے بعد بلوچستان کے ندی نالے بپھر گئے اور 18 ڈیمز ٹوٹ گئے جبکہ بلوچستان میں مون سون سیزن کی تباہی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 234 ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News