وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
بیرسٹر علی سیف نے خیبرپختونخوا میں سیلاب کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے کچھ اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، مجموعی طور پر صورت حال صوبائی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔
‘وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تمام اقدامات کی خود نگرانی کررہے ہیں’
معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 10 شہری جاں بحق ہوئے ہیں، سوات، چترال، ڈی آئی خان، ٹانک اور دیر میں سیلاب آیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر فوری اقدامات اٹھائے گئے ہیں، صوبائی حکومت نے زیادہ متاثر 3 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، وزیراعلیٰ محمود خان تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ، میٹرس، اشیائے خوردونوش پہنچا دی ہیں، ادویات، سیلابی پانی نکالنے کے لیے ڈرینج پمپس، ربڑ کی کشتیاں اور لائف جیکٹس بھی مہیا کر رہے ہیں، حساس علاقوں میں موجود آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
‘ناکام سیاسی جماعتیں اس سیلاب پر بھی سیاست کررہی ہیں’
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ناکام سیاسی جماعتیں اس سیلاب پر بھی سیاست کر رہی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت سیلاب صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئی ہے، عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں سیلاب، دریائے کنہار میں 8 افراد ڈوب گئے
خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، دریائے کنہار میں 8 افراد ڈوب گئے، تین کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ دیگرکی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ٹانک، جنوبی وزیرستان اور ژوب سے سیلابی ریلا ڈی آئی خان میں داخل ہوگیا ہے۔ کلاچی، درابن اور پروا تحصیلوں کے درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔۔
ٹانک روڈ پر سی آر بی سی نہر کا پانی اوور فلو ہونے سے قریبی کالونیوں میں داخل ہوگیا ہے، لوگ ریلوں سے بچنے کے لیے درختوں پر چڑھ گئے۔
سوات میں سیلابی ریلے سے بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بارش کے بعد پلئی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
