مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اب کسی کی جنگ کا ایندھن نہیں بنے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ کئی دنوں سے آگاہ کر رہے تھے کہ ملک میں ایک بار پھر بدامنی کی فضا قائم ہو رہی ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ تازہ بدامنی کی لہر پر اب تک امپورٹڈ حکومت کا کوئی موقف سامنے نہ آ سکا، امپورٹڈ حکومت کی ترجیحات میں امریکہ کی غلامی کرنا اور بھیکاری بن کر رہنا ہے۔
تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت علی پر قاتلانہ حملہ ہوا
ان کا کہنا تھا کہ دیر سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت علی پر قاتلانہ حملہ ہوا، اللہ پاک ملک لیاقت علی کی عمر دراز کرے اور صحت عطا فرمائے۔
مراد سعید نے کہا کہ ملک لیاقت علی کا بھتیجا، بھائی اور انکی سیکیورٹی پر تعینات لیویز کے اہلکار حملے میں شہید ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت علی حملے میں شدید زخمی ہوئے ، اس قاتلانہ حملے کی کڑیاں ملک میں رونما ہونے والی حالیہ بدامنی کی لہر سے جڑتی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی خدانخواستہ ایک مرتبہ پھر کسی کی جنگ کا ایندھن نہ بن جائیں،ہم نے مل کر ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا صرف مقصد اپنی چوری بچانا اور امریکہ کے مفادات کو تحفظ دینا ہے، عوام اس تازہ بدامنی کی لہر سے متعلق ہر فورم پر سوالات اٹھائیں۔
مراد سعید کے امپورٹڈ حکومت سے سوالات
مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ چند اہم سوالات اٹھانا چاہتا ہوں انکے جوابات فراہم کئے جائیں، افغانستان میں آپ کے مذاکرات کس نوعیت کے اور کن نقات پر ہوئے؟قوم کو آگاہ کیا جائے۔ کیا افغانستان میں موجود لوگ جو آپریشن کے وقت پاکستان سےچلے گئے تھے،انکی واپسی کا وعدہ کیا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے تو کس راستے سے واپسی ہوئی؟ کیا ملک کے لئے قربانی دینے والے 80 ہزار افراد کے لواحقین کو مذکراتی عمل میں اعتماد میں لیا گیا؟
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ کیا ملک میں بدامنی کے حالات کو قابو کرنے کے لئے کوئی لائحہ عمل طے کیا گیا ہے؟ کون مطالبہ کر رہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کو ختم کر دیا جائے اور وہاں دوبارہ بدامنی پھیل جائے؟
مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے خلاف بیان بازیاں کرنے والے،بھارت کے گریٹر گیم کا حصہ بننے والے تمام افراد آج حکومت کا حصہ ہیں، بتایا جائے کہ فاٹا انضمام کو واپس لینے کے لئے کوئی معاہدہ تو طے نہیں ہوا؟ کیا رجیم چینج آپریشن کے اغراض ومقاصد پورے ہونے کا آغاز ہو چکا ہے؟ قوم ان تمام اہم سوالات کے جوابات جاننا چاہتی ہے۔
امپورٹڈ حکمران رجیم چینج آپریشن کے آلہ کار ہیں
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ امریکہ نے جب اڈے مانگے تو عمران خان نے ملکی مفاد میں انکو ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ دیا، عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا امن کا ساتھی ہے ناکہ بدامنی کا۔ امپورٹڈ حکمران رجیم چینج آپریشن کے آلہ کار ہیں،یہ اپنے آقاوں کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے خوف کی وجہ یہ تھی کہ انھوں نے پاکستان کو نئی شناخت دی، عمران خان نے اسلام کے ساتھ دہشتگردی جوڑنے کے بیانیے کو تہس نہس کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی المناک کہانیاں ہیں،پاکستان نے بھاری قیمت چکائی، ہم اب پاکستان کو کسی اور کی جنگ کا ایندھن نہیں بنا سکتے۔
عمران خان نے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کا رُخ سیاحت کی جانب موڑا
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے آکر دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کا رُخ بدامنی سے ہٹا کر سیاحت کی جانب موڑ دیا، آج ہمارے علاقوں میں دوبارہ بدامنی کی آگ پھیلائی جارہی ہے،اور حکمت عملی کا فقدان نظر آرہا ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ فرزندِ زرداری صرف ملکوں کے چکر کاٹ کر سیر و تفریح سے خوش ہوتا رہتا ہے جبکہ لندن میں ایک مفرور شخص ملکی مفاد کے خلاف ملاقاتیں کر رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ قوم آنکھیں کھولے اور متعلقہ افراد سے ان تمام امور پر جواب طلب کرے، جتنی جلدی ان معاملات پر جواب آئے گا،پاکستان کے مفاد میں بہتر ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
