
رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نشاندہی ہوئی ہے کہ کون لوگ قوم کو گمراہ کرتے اور کون ٹرینڈ چلاتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے ڈرون حملے کا الزام نہیں لگایا جو یہ لگا رہے ہیں، یہ فارن ایجنڈے پر ملک میں انارکی پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔
’فضول گفتگو کی بجائے ڈھنگ کا کام کریں‘
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ایک بات میرےحق میں کرچکے تھے،انکی پی ٹی آئی سے چھترول ہوئی، اب فواد میرے خلاف کوئی نہ کوئی بات کر کے بیلنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کا آئینی رول ہے، فضول گفتگو کے بجائے ڈھنگ کا کام کریں۔
’عمران خان کو نہ روکا گیا تو قوم کو حادثے سے دوچار کردینگے‘
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن ایجنٹ کے طور پر عمران خان کی شناخت کی ہے، عمران خان کو نہ روکا گیا تو قوم کو حادثے سے دوچار کر دیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر خالد شہید کے بھائی فیصل نے بتایا وہ شہادت کی آرزو رکھتے تھے، پوری قوم پاک فوج اور اپنے شہداء سے دلی محبت رکھتی ہے، پوری قوم شہداء کی فیملی کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر خالد شہید سیلاب زدگان کی مدد میں کوشاں تھے، انہوں نے ملک کے لیے جان کی قربانی دی، جنھوں نے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلایا انکی نشاندہی ہوگئی ہے۔
’عمران خان عوام کو گمراہ کررہے ہیں‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اب کوئی شک نہیں رہا، پاکستان تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4، 5 دن پہلے عمران خان نے کہا اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں انتخاب نہیں لڑیں گے، یہ پہلے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی توڑیں پھر انتخاب کی بات کریں، اس طرح کا الٹی میٹم دینا دو نمبری ہے، پرامن جلسہ اور احتجاج کی اجازت ہے، اگر وائلنس ہوا تو 25 مئی سے بھی اچھے انداز میں نمٹیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی سے گزارش ہے لیاقت باغ میں جلسہ کرلیں، قانون اور آئین میں رہتے ہوئے ٹی ایل پی بھی جلسہ کرے، چوکوں اور سڑکوں کو بند کر کے احتجاج پر ہائیکورٹ کی بھی پابندی ہے۔
’عمران خان نے توشہ خانہ سے کچھ نہیں چھوڑا‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے توشہ خان سے چیزیں اٹھاکر بیچ دیں اور پھر 80 فیصد پیسے جیب میں ڈال لیے، توشہ خانہ سے انہوں نے کچھ بھی نہیں چھوڑا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News