امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی خدمت قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے ملک بھر میں سیلابی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں حالیہ سیلاب اور بارشوں نے جو تباہی پھیلا دی ہے وہ غربت اور بدحالی کو آنے والے کئی برسوں تک ہمارے اوپر مسلط رکھے گی۔
‘یہ وقت سیاست کا نہیں ہے’
ان کا کہنا تھا کہ خود کو دیوالیہ سے بچانے میں مصروف حکمران بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے، یہ وقت سیاست کا نہیں ہے لاکھوں لوگ بے گھر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنے وسیع پیمانے پر تباہی کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے عدم توجہی کا مسلسل مظاہرہ کیا جا رہا ہے، روایتی سیاستدانوں نے اپنا رخ تبدیل نہ کیا تو اس کا خمیازہ ہمارے آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔
‘سیلاب متاثرین کی دادرسی کیلئے تمام قوتوں کو ایک پیج پر اکھٹے ہونا ہو گا’
حافظ سعد رضوی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی دادرسی کیلئے تمام قوتوں کو ایک پیج پر اکھٹے ہونا ہو گا، لوگ بے سرو سامانی کے عالم میں اپنا سب کچھ لٹا کر کیچڑ اور دلدل میں بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔
‘سیلاب متاثرین کی بحالی اور خدمت نہ کی تو ملکی حالات مزید خراب ہوں گے’
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت فوری طور پر مالی امداد، گھروں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے، سیلاب متاثرین کی بحالی اور خدمت نہ کی تو ملکی حالات مزید خراب ہوں گے۔
‘آئیں سب مل جل کر مخلوق خدا کی خدمت کریں’
انہوں نے کہا کہ غریب کسانوں کی ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، آئیں سب مل جل کر مخلوق خدا کی خدمت کریں، مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی خدمت قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
