ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے ٹیلی تھون سے سیلاب متاثرین کیلئے 13ارب روپے سے زائد امداد اکٹھی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پی ڈی ایم اے پنجاب آفس کا دورہ کیا اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید اور ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر فیصل سلیم نے ڈاکٹر ثانیہ کو امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
فیصل فرید نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو کھانے پینے،علاج معالجہ سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اب تک 41,301 گھرانوں میں خیمے ، 1,66,427 گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کے ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے 13ارب روپے سے زائد امداد اکٹھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ساڑھے تین ارب روپے سے زائد موصول ہو چکے ہیں جن میں پنجاب بینک آکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب روپے ، بینک آف خیبر میں 98 کروڑ اور پی آئی ٹی بی کے ذریعے 93 کروڑسے زائد موصول ہوئے۔
چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا مزید کہنا تھا کہ امدادی رقوم کی وصولی کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹل طور پر مرتب کیا جا رہا ہے اور پی ڈی ایم اے کی مدد سے امدادی رقوم مستحقین تک شفاف طریقہ کار کے ذریعے پہنچائی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
