
سلیم مانڈوی والا کا بیان
پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مجھ پر کرپشن ریفرنس کبھی دائر ہی نہیں ہوا تو واپس کب اور کیسے ہوگیا؟
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ میرے خلاف مسلسل کرپشن کا ریفرنس واپس ہوجانے کی خبریں چلائی جا رہی ہیں، مجھ پر نہ کبھی کرپشن کا الزام لگا ہے اور نہ ہی کبھی کرپشن کا ریفرنس دائر ہوا تھا۔
‘ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہے لیکن نیب کچھ ثابت نہ کرسکا’
انہوں نے کہا کہ کرپشن ریفرنس کبھی دائر ہی نہیں ہوا تو واپس کب اور کیسے ہوگیا؟ میرے خلاف نیب نے سیاسی انجنیئرنگ کے لئے ایک جھوٹا کڈنی ہلز ریفرنس بنایا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کڈنی ہلز ریفرنس میں الاٹمنٹ کا معاملہ تھا کرپشن کا نہیں، کڈنی ہلز ریفرنس میں کرپشن نہیں بلکہ الاٹمنٹ سے متعلق جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے۔
سلیم مانڈوی نے مزید کہا کہ سیاسی انجنیئرنگ کے لئے نیب نے اس وقت ایک الاٹمنٹ کا کیس بنا کر میرے اوپر دباؤ ڈالا، سب کے سامنے ہے کہ ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہے لیکن نیب کچھ ثابت نہ کر سکا۔
نیب قانون میں ترمیم، ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا
قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترامیم کے بعد نیب ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق قوانین میں ترمیم کے بعد نیب کی جانب سے 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیئے ہیں۔
واپس کیے گئے ریفرنسز میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز شامل ہیں۔
اسی طرح سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ کرپشن ریفرنس، سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے خلاف کرپشن ریفرنس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے خلاف کرپشن ریفرنس واپس کر دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے واپس کیے گئے ریفرنسز میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس اور مضاربہ اسکینڈل، کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس کر دیئے گئے ہیں۔
نیب ترمیمی بل: ’’ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے‘‘
گزشتہ روز مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہو گئے، احتساب عدالتوں کی جانب سے 50 سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کر دیئے گئے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سازش کے تحت اقتدار حاصل کر کے اپنے کیسز ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور پی ڈی ایم کا ٹولہ پتلی گلی سے نکل گیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو کلین چٹ مل گئی، عشروں ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے، اندھا بانٹے ریوڑیاں، مڑ مڑ اپنوں کو دے کی جیتی جاگتی مثال نیب ترمیمی بل ہے۔
مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں انصاف کا مشن لے کر حکومت میں آئی تھی، پی ڈی ایم ٹولے نے ایک بار پھر ملک کو عشروں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News