وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف امراض جنم لے رہے ہیں جن کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج بلوچستان کے متاثرہ ضلع صحبت پور پہنچے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا فضائی جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈ ی ایم اے نے دوران پرواز وزیراعظم شہبازشریف کو سیلاب سے متاثرہ ضلع میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ بھی دی اور بتایا کہ صحبت پور 100 فیصد متاثرہواہے جبکہ مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوچکا ہے۔
دورے کے دوران چیف سیکریٹری بلوچستان کی جانب سے وزیراعظم کو بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ صحبت پور میں سیلاب سے ایک لاکھ 90 ہزار گھر متاثر ہوئے جبکہ میڈیکل کیمپوں میں 4 لاکھ سے زائد متاثرین کو طبی امداد دی گئی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں مچھرمار اسپرے کا عمل جاری ہے جبکہ ملیریا کنٹرول کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دوران بریفنگ انٹرنیٹ بحالی پر سوال کیا جس کے جواب میں بتایا گیا کہ دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ کا مسئلہ تاحال موجود ہے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بلوچستان کے شدید متاثرہ علاقوں کی ابتر صورتحال کے متعلق بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بعض علاقوں میں پانی موجود ہے
اس موقع پر وزیراعظم نے کمشنر صحبت پور ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے کاموں میں متعلقہ حکام سے تعاون کیا جائے اور بحالی اور پانی کا نکاسی عمل کا کام جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف امراض جنم لے رہے ہیں جن کو کنٹرول کرنا ضروری ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ پانی کو جلد سے جلد نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے، حالات بہت خراب ہیں اور سیلابی صورتحال پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے آنے والا امداد تقسیم کیا جارہا ہے، کوئی علاقہ نہیں چھوڑیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
