جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ آگے عمران خان کی حکومت نہیں آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے معروف شاعر سید سلمان گیلانی کی رہاٸش گاہ آمد کی اور نئے گھر کی مبارکباد پیش کی۔
اس موقعے پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہاتھوں سے تباہ شدہ پاکستان ملا ہے، آج ہم مہنگائی کو رو رہے ہیں شکر کریں ملک کو نہیں رو رہے، کسی ملک کو تباہ کرنے کی سب سے بڑی کوشش سیاسی عدم استحکام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاناما کی صورت میں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام لایا گیا ہے، ہم بس یہی سوچ رہے ہیں کہ کس طرح ملک کو بہتری کی طرف لایا جائے، ڈالر کو کنٹرول کرنے میں بنیادی کردار اسٹیٹ بینک کا ہوتا ہے جس کی آزادی سلب کر کے آئی ایم ایف کو دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے ملک کو بیچا ہے وہ آج کہہ رہا ہے کہ میں آپ کو آزادی دلوائوں گا، ہم نے حکومت لی ہے جس وجہ سے جلسوں کے بجائے پاکستان کو بچانے کا کام کر رہے ہیں، قلیل مدت میں ہمیں بہتر منصوبہ بندی کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے، پاکستان کو اللہ نے بہترین وسائل سے نوازا ہے۔
فضل الرحمٰن نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت کا 25 فیصد صرف امریکہ ہے جبکہ پاکستان کسی گنتی میں ہی نہیں، جلسوں کے مقابلے میں ہم کیا جلسے کریں؟ عمران خان ناکام جلسے کر رہا ہے، عمران خان میں نہ طاقت ہے کہ وہ اسلام آباد آئے نہ ہی اس کے کارکنانِ اتنے مظبوط ہیں کہ سڑکوں پر بیٹھ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سنجیدہ سیاست چاہتے ہیں عمران کی جلسوں کی سیاست کوئی معنی نہیں رکھتی، مہنگائی کی وجہ عمران خان ہے جس نے ریاست کو معاشی اعتبار سے کمزور کر دیا ہے، ساڑھے تین سال میں جس نے ملک کو خراب کیا وہ کہتا ہے ساڑھے تین ماہ میں ملک کو ٹھیک کریں، لاکھوں نہیں کروڑوں افراد سیلاب سے متاثر ہے، میں نے چھ اضلاع کا فضائی دورہ کیا جہاں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے جہاں لوگ پیس سے مر رہے تھے آج پانی سے مر رہے ہیں، اختلافات سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کے لیے کام کرنا ہو گا، عمران خان کہتا ہے کہ سیلاب میرا مسئلہ نہیں میں اور میرے کارکنان آزادی چاہتے ہیں، یہ یقین ہے کہ آئندہ عمران کی حکومت نہیں آئے گی۔
مولانا کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار کو لانا معیشت کی بہتری کے لیے ایک کوشش ہے، عمرن خان کے دور میں پانچ وزراء خزانہ تبدیل ہوئے مگر آج مفتاح اسماعیل کی تبدیلی پر بات کی جا رہی ہے، آڈیو لیک پر بہت سختی سے ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے، ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ٹرانسجینڈر پر جمعیت علمائے اسلام نے ایک جامع بل سینیٹ میں پیش کر دیا ہے، ٹرانسجینڈر بل میں ترمیم کے لیے بھی درخواست دائر کر دی گئی ہے، یہ ہم جنس پرستی کا ایک راستہ ہے کہ اپنی خواہش پر جنس کی تبدیلی کروائی جاتی ہے، جو بھی قانون سازی قرآن و سنت کے مخالف ہوئی ہے وہ آئین کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
