
پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور اقتدار میں انسانی حقوق کا جنازہ روز نکلتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری اپنے قد سے زیادہ اونچی چھلانگ مت لگائیں۔
حسن مرتضی نے کہا کہ منافقت یہ ہے کہ انسان کسی ایک سیاسی جماعت کا وفادار نہ رہے نہ گھر کا رہے نہ گھاٹ کا، ہر روز نظریات اور خیالات بدلنے والا منافق ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور اقتدار میں انسانی حقوق کا جنازہ روز نکلتا تھا، ان کی فاشسٹ حکومت میں فواد چوہدری کو صرف اپنے حقوق کا خیال تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کی پالسیز اور بیانیے سے فاشزم منہ بولتا ثبوت تھا، بلاول بھٹو زرداری کا عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب ان کو ہضم نہیں ہو رہا۔
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر منافقت کا چہرہ دیکھنا ہو تو آج بلاول کی لاہور میں ہونیوالی تقریر دیکھیں، ایک فاشسٹ حکومت کا وزیر جس نے چھ ماہ میں انسانی قوق کا جنازہ نکال دیا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سیاسی کارکنوں کو برہنہ کر کے تشدد کروایا اور میڈیا پربدترین پابندیاں لگائیں، وہ انسانی حقوق کا درس دے رہا ہے کوئی شرم حیا ہوتی ہے۔
اگر منافقت کا چہرہ دیکھنا ہو تو آج بلاول کی لاہور میں ہونیوالی تقریر دیکھیں،ایک فاشسٹ حکومت کا وزیر جس نے چھ ماہ میں انسانی حقوق کا جنازہ نکال دیا،سیاسی کارکنوں کو برہنہ کر کے تشدد کروایا میڈیا پربدترین پابندیاں لگائیں وہ انسانی حقوق کا درس دے رہا ہے کوئ شرم حیا ہوتی ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 23, 2022
یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا وزیر خارجہ بن کر عاصمہ جہانگیر سے آج مل رہا ہوتا تو وہ پوچھ رہی ہوتیں کہ بلاول آپ ڈیل کر کے وزیر خارجہ تو نہیں بنے؟ تو میں کہتا ایسا نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو یہ بات پسند آئے نہ آئے وزیر اعظم کو ہٹانے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے عدم اعتماد۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے سیاسی قیمت تو ادا کی لیکن عوام کو مشکلات سے بچایا، جیسے ہی ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا تو تاریخی سیلاب نے عوام کو ایک اور مشکل میں ڈال دیا، گلگت بلتستان سے کے پی کے، جنوبی پنجاب اور سندھ تاریخی سیلاب سے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے علاقے آج بھی سیلاب سے متاثر ہیں، سیلاب سے تینتیس ملین پاکستانی متاثر ہوئے ہیں، یہ تاریخی قدرتی آفت ہے، اسلام آباد میں سیاسی لڑائیاں چل رہی ہیں یہ تو چلتی رہے گی، سب کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے، موسمی تبدیلی کا بوجھ ہماری عوام اٹھا رہی ہے جو ناانصافی ہے ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک ایک ہو کر مقابلہ نہیں کریں گے اس کا حل نہیں نکلے گا، ہم انشاء اللہ پاکستان میں ٹیسٹ کیس اور پائلٹ پروجیکٹ بنائیں گے، ہم ایگری کلچر اری گیشن سسٹم کو بہتر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک میں مذہبی اور سیاسی انتہا پسندی کا مقابلہ کریں گے، ہم امید کرتے ہیں نئی نسل جمہوریت کو پسند کریں گے اور انتہا پسندی کو رد کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News