 
                                                      وزیر خزانہ اسحاق ڈار
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ کا دورہ امریکہ سے متعلق وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ نے سیلاب سے ہونے والے غیر معمولی نقصانات سے آئی ایم ایف عہدیدار کو آگاہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف بھی کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ پاکستان نے سماجی اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے غیرمعمولی تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
صدر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مل کر کام کریں گے۔
جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے نائب صدر رائسر کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بنک کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔
ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ نے ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی جس میں معیشت کو مستحکم کرنے اور سیلاب کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 