شبلی فراز
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔
شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کو شرم آنی چاہیے، کل انکے ساتھ بھی یہ ہوسکتا ہے، ارکان اسمبلی اعظم سواتی کیساتھ کھڑے نہ ہونے پر کیا جواب دینگے۔
‘پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے’
انہوں نے کہا کہ سب سے مقبول لیڈر عمران خان کو ہٹانے کی ناکام کوشش کی گئی، عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سینیٹر کی بےحرمتی کی گئی، ویڈیو بنائی گئی، اعظم سواتی کی سنوائی نہیں ہورہی، کسی کو کوئی پرواہ نہیں، پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
انکا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا، ارشد شریف ملک کیلئے کام کر رہا تھا، ارشد کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہم آئین وقانون کے مطابق احتجاج کررہے ہیں اور انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کا دوسرے مرحلے کا جاری لانگ مارچ 26 نومبر تک کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے تمام مرکزی اور صوبائی رہنما اپنے اپنے حلقوں میں 26 نومبر کے لیے تیاریاں کریں گے۔
25 نومبر کو عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے اور اسلام آباد پہنچنے پر دھرنے یا جلسے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد اسلام آباد دھرنے یا جلسے کی جگہ پر قیام کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائے گی۔
تحریک انصاف کی لیڈر شپ میٹنگ آج طلب
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے نے بتایا کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ میٹنگ آج طلب کی جا رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی صدارت میں ہونے والی اس ملاقات میں سیاسی صورتحال، حقیقی آزادی مارچ کے راولپنڈی مرحلے اور دیگر معاملات پر گفتگو ہو گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی بحران اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر گفتگو ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
