تفصیلات کے مطابق میلبورن میں آج پاکستان اورانگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ کھیلا جارہا ہے۔
’واپڈا میچ کے دوران صوبے کے کسی علاقے میں لوڈشیڈنگ نہ کرے‘ وزیراعلی بلوچستان
وزیراعلی بلوچستان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں دستیاب بڑے ہالوں میں بڑی اسکرین پر عوام کے لیۓ براہ راست میچ دکھانے کا اہتمام کریں،عوام کی صحتمندانہ تفریح کے لیۓ انہیں میچ سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کیا جاۓ۔ اور طلباء کے لیۓ اسکول کالجوں میں بڑی اسکرین پر محفوظ ماحول میں میچ دکھایا جاۓ ضلعی اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ بھی اس حوالے سے مشترکہ اقدامات کو یقینی بنائیں ۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی فائنل کرکٹ میچ پر گوجرہ فیسکو کا بڑا اقدام
چیف ایگزیکٹو فیسکو نےاس حوالے سے کہا کہ کرکٹ میچ کے دوران گوجرہ میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، کرکٹ میچ کے دوران فیڈر انچارج نہ صرف گریڈ اسٹیشنز پر موجود رہیں گے بلکہ میچ کے دوران تمام شکایات سنٹرز میں لائن اسٹاف بھی مکمل طور پر الرٹ رہے گا ۔
انجینئر بشیر احمد نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ فیسکو ریجن میں ہونے والی شٹ ڈاؤنز کے تمام پرمٹ کینسل کردی گئی ہیں ۔
’نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بڑی اسکرین پر میچ دیکھانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے‘ سی سی پی او لاہور
سی سی پی او لاہور محمود ڈوگر نے کہا کہ اس وقت نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین پر میچ دیکھنے آنے والے شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور خواتین شائقین کرکٹ کی چیکنگ کے لئے 44 لیڈی پولیس افسران اور اہلکار بھی تعینات کردئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں 1 ایس پی،11 ایس ڈی پی او، 2 ایس ایچ اوز اور 270 اپر سب آرڈینیٹس سمیت 350 سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔
سی سی پی او کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے آنے والے شرکا کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
لاہور نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں اس کے لئےڈولفن اسکواڈ اور پیرو ٹیمیں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کےاطراف موثر پٹرولنگ کرےگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی 20 فائنل میں قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کو جیت کے لیے جان لڑا کر کھیلنا ہو گا،انشاءاللہ بابر اعظم ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائیں گے قوم کپتان بابر اعظم، رضوان کی دھواں دھار بیٹنگ اورشاہین آفریدی کی عمدہ باولنگ کی منتظر ہے۔
وزیراعلئ بلوچستان کا بھی پاکستانی ٹیم کی جیت کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار
وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کے لیۓ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں،آج انشاء اللہ ہماری ٹیم دنیاۓ کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کریگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑی ملبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے کے لیۓ جان لڑا دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
