امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ایسا نظام لائیں گے جو سب کے لیے ایک جیسا ہو۔
سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق اور سچائی کا ساتھ دینے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں۔
‘سوچنا یہ ہے کہ ملکی حالات کی خرابی کی وجہ کیا ہے’
انہوں نے کہا کہ سیاسی راہنما رابطے کر رہے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں آپ کوئی کردار ادا کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ آج ہر فرد یہ کہہ رہا ہے کہ ملکی حالات خراب ہیں، سوچنا یہ ہے کہ ملکی حالات کی خرابی کی وجہ کیا ہے۔
‘ہمارے ملک میں ادارے تباہ ہوگئے’
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں ادارے تباہ ہو گئے ہیں، آج ہمارے جج بھی یہ کہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے، آج ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جج لوگوں کے منصب اور حیثیت کو دیکھ کر فیصلے دیتے ہیں، قانون صرف غریب اور عام کے لیے ہے جج جرنیل پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا۔
‘آج جج اندھا، گونگا اور بہرہ ہے’
سراج الحق نے کہا کہ حکومت میں آنے والوں کی خواہش ہوتی ہے عدالت، جج، بیورو کریٹ اس کے ہاتھ کی لاٹھی بنے، وکلاء سے بھی اللہ کی پناہ، آج جج اندھا، گونگا اور بہرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ایسا نظام لائیں گے جو سب کے لیے ایک جیسا ہو۔ بیرون ملک سے ملنے والے قرضے ایک خاص کلاس کے لیے ہیں۔
گورنر سندھ کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون
اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معاشی میدان میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
رابطے کے دوران کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں آپ کی رہنمائی کا خواہش مند ہوں، ملک کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تاکہ ترقی و خوشحالی حاصل ہوسکے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرکے صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے رہنمائی کی درخواست کررہا ہوں۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نے گورنر سندھ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور منصورہ لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔
سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ مشاورت اچھا عمل ہے اس سے مسائل کے سمجھنے اور حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
