چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ عوام الناس بھرپور جذبے کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے اپیل ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے لوگوں کو موبلائز کریں کیونکہ ووٹ قومی امانت ہے، عوام الناس بھرپور جوش و خروش اور آزادی سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ قوم کے بہتر اور روشن مستقبل اور جمہوری عمل کی بقاء کے لئے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے، ہر محب وطن شہری کا اولین فرض ہے کہ وہ قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پولنگ کے دوران پرامن رہیں اور انتظامیہ اور پولنگ عملے کے ساتھ تعاون کریں، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران بھی اپنے سپورٹرز کو ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی تلقین کریں۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز یا بیلٹ باکس کو نقصان پہنچانے یا چھیننے کی کوشش کرنے والے کے ساتھ تحت قانون کارروائی کے ساتھ ساتھ جس امیدوار کا وہ شخص حمایتی ہو گا اس کو نااہل قرار دیے جانے کی کارروائی ہو گی، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل ہے کہ ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے نفرت پھیلے اور شر پسند عناصر کو شہ ملے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہواور شر پسند عناصر کو اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کا موقع ملے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہری آزادی سے اپنا ووٹ ڈالے اور اپنے آپ اور اپنے بچوں کے لیے ایک تابناک مستقبل کی خاطر اس عمل سے دوسروں کو بھی شریک ہونے کی ترغیب دے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
