
حقیقی آزادی مارچ
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ آج ساتویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی قیادت میں قافلہ آج جہلم پہنچے گا، جہلم کے شاندار چوک پرپنڈال سج گیا ہے ، بینرز اور پارٹی پرچم لگا دیئے گئے ہیں۔
استقبالیہ کیمپس میں جشن کا سماں ہے اور پارٹی ترانے گونج رہے ہیں جبکہ عمران خان شام 4بجے مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے، جس کے لئے شاندارچوک پر بڑی اسکرین نصب کردی گئی ہے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے بتایا کہ آج دوپہر 2 بجے شاہ محمود قریشی صاحب گجرات سے جہلم کے لیے روانہ ہوں گے اور 3 بجے جہلم پہنچنے کی کوشش کی جائے گی وائس چیئرمین 4:15 خطاب کریں گے۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ جہلم میں ہمارا پڑاؤ شاندار چوک، جہلم ہوگا جس کی میزبانی فواد چوہدری صاحب کریں گے، انشاءاللہ جہلم کی غیور عوام بھی حقیقی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے اور ثابت کریں گے کہ پاکستانی کسی کی غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں۔
دوسری جانب لانگ مارچ انتظامیہ کی جانب سے ساتویں روز کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر آج حقیقی آزادی مارچ قافلے کی قیادت کرینگے۔
حقیقی آزادی مارچ قافلے کو سرگودھا شہر میں 6 مقامات پر استقبالیہ دیا جائے گا۔ کوٹ مومن انٹرچینج پر اسد عمر کی قیادت میں قافلہ دن 12 بجے پہنچے گا جہاں ضلعی صدر اسامہ غیاث میلہ اور انصر ہرل استقبال کریں گے جبکہ کوٹ مومن انٹرچینچ پر مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر مارچ کے شرکاء سے مخاطب بھی ہونگے۔
اس کے علاوہ چوکی بھاگٹ پر حقیقی آزادی مارچ دن 1 بجے پہنچے گا جہاں سابق ایم این اے عامر سلطان چیمہ اور ایم پی اے منیب سلطان چیمہ استقبالیہ دیں گے اور دن 2 بجے قافلہ سرگودھا بائی پاس پہنچ جائے گا جہاں ایم پی اے فیصل فاروق چیمہ استقبال کریں گے جبکہ حقیقی آزادی مارچ قافلے کا قینچی موڑ پہنچنے پر تحریک انصاف کی مقامی قیادت استقبال کرے گی اور یونیورسٹی روڈ پردن 2:30 بجے آئی ایس ایف کے عہدیداران مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی زیر قیادت قافلے کا خیرمقدم کرینگے۔
اس کے بعد حقیقی آزادی مارچ 4 بجے خیام چوک پہنچے گا جہاں صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی کی قیادت میں کارکنان استقبالیہ دیں گے جبکہ خیام چوک پر 4:05 پر مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر لانگ مارچ کے شرکاء سے مخاطب ہونگے۔
خیال رہے کہ خیام چوک پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب براہ راست بڑی سکرین پر دکھانے کا اہتمام کیا جائے گا جہاں عمران خان 4:30 بجے بذریعہ ویڈیو لنک مارچ کے شرکاء سے مخاطب ہونگے۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی اور ایم پی اے سائرہ رضا نے کہا تھا کہ سرگودھا کے شاہین لانگ مارچ کا تاریخی استقبال کرینگے، اب سرگودھا کے عوام نے غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں جس کی واضح مثال عمران خان کے جلسہ سرگودھا کے موقع پر سب کے سامنے ہے،عمران خان نے اپنا خون بہا کر اس حقیقی آزادی مارچ کو سینچا ہے۔
اس موقع پر تحریک انصاف ضلع سرگودھا کے صدر اسامہ غیاث میلہ نے کہا تھا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی جنگ میں سرگودھا کے شاہین صف اول پر ہونگے اور ہم امپورٹڈ حکومت کو بھگا کرہی اسلام آباد سے واپس آئینگے۔
ڈاکٹر نادیہ عزیز کا کہنا تھا کہ سرگودھا لانگ مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرکے حکومت کو بتائے گی کہ ہم نہ ڈرے ہیں اور نہ ڈریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ میں سرگودھا سے ہزاروں کی تعداد میں عوام اور کارکن شرکت کرینگے اور پیغام دینگے کہ وہ غلامی کی زندگی نہیں جینا چاہتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News