 
                                                      گیس لوڈ شیڈنگ
صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بدترین گیس لوڈ شیڈنگ کے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ موجود ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کا اور بھی بحران آئے گا۔
‘ہمیں ہمارا حق دیا جائے’
انہوں نے کہا کہ صوبے میں 2100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہوتی اور 1600 ایم ایم سی ایف ڈی کی ضرورت ہے 700 ایم ایم سی ایف ڈی ملتی ہے۔ شارٹ فعال کو ختم کرنے کے لیے وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے امید ہے صورتحال بہتر ہوجائے گی۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی کے ساتھ سب سے بڑا ظلم ہوا ہے، کراچی انٹرنیشنل سٹی ہے، انڈسٹری کی گیس بند کردی گئی ہے، ان کو مہنگی آر ایل این جی دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اس طرح کیسے انڈسٹری چل سکتی ہے۔ وزیر توانائی سندھ کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے چیئرمین سے درخواست کی ہے، وہ اسمبلی میں اس مسئلہ کو اٹھائیں، ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔
‘سندھ کیساتھ گیس کے معاملے پر زیادتی ہورہی ہے’
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ گیس کے معاملے پر زیادتی ہو رہی ہے، ملک بالخصوص سندھ میں گیس لوڈ شیڈنگ کی ذمہ داری سابق حکومت پر عاٸد ہوتی ہے۔
انکا کہنا ہے کہ دنیا میں ایل این جی جب 3سے 4 ڈالر میں مل رہی تھی اس وقت سابق حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے تھے۔ اس وقت کی حکومت نے لانگ ٹرم معاہدے کرنے کے بجائے شارٹ معاہدے کیے مگر حکومت جاتے دیکھ کر وہ معاہدے بھی منسوخ کر دیے گئے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں ایل این جی کا ایک ٹرمینل بنایا گیا جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں دوسرا ٹرمینل بنانے کی زحمت ہی نہیں کی ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ میں نے متعدد بار پی ٹی آٸی وزراء کو خبردار کیا مگر ہماری بات پر دھیان نہیں دیا گیا، معاملات اب ہاتھ سے نکل چکے ہیں۔
‘ملک بھر میں سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ میں ہوتی ہے’
انکا کہنا ہے کہ دنیا میں ایل این جی اتنی مہنگی ہوچکی ہے کہ عوام اس کی قیمت خرید کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ سابق دور حکومت اور آج بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو آرٹیکل 158 کے تحت گیس کا حصہ دیا جائے۔
امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ میں ہوتی ہے، اس کے باوجود صوبے کے عوام سردیاں شروع ہوتے ہی تکالیف کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 