چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں فرنٹ لائن دستوں کا دورہ کیا جس کے دوران آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس دوران آرمی چیف نے افسران اور سپاہیوں سے بات چیت کی اور مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاری کو سراہا۔
جنرل سید عاصم منیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے حال ہی میں جی بی اور اے جے کے پر انڈین آئیڈرشپ کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیکھے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادر وطن کے ایک ایک انچ کی دفاع کے لیے ہمیشہ سے تیار ہے اور اگر کوئی ہم پر حملہ کرتا ہے تو ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ان سے کس طرح لڑنا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی ریاست اپنے مذموم عزائم کو کبھی حاصل نہیں کر سکے گی۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ انصاف کو یقینی بنائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام سے جو وعدہ کیا گیا ہے اسے پورا کرے۔
قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
