
بچوں کی تعلیم کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے،صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشی طور پر مضبوط ہو کر ملک کا دفاع اور سلامتی یقینی بنا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائدِ اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب “قائد اور بچے” کی ریکارڈنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے علم حاصل کریں اور اپنے کردار کی نشوونما پر توجہ دیں، بچے اخلاقیات اور سچائی کو برقرار رکھیں، پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں پر عمل کریں۔
آزادی حاصل کرنا اور اسے برقرار رکھنا آسان نہیں
صدر مملکت نے کہا کہ آزادی حاصل کرنا اور اسے برقرار رکھنا آسان نہیں، بچوں اور نوجوانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد، ایمان اور تنظیم برقرار رکھتے ہوئے آزادی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان کا مقدر ایک عظیم ملک بننا ہے، بابائے قوم کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کر کے اس مقصد کا حصول ممکن ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر توجہ دیں، صحیح وقت پر درست فیصلوں، زندگیوں کو اسلام کی اخلاقی اقدار، اصولوں کے مطابق ڈھال کر ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔
بچوں نے بھی تحریک پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم بچوں کے لکھے گئے خطوط کا جواب دیا کرتے تھے، بچوں نے بھی تحریک پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا، بچوں نے اپنے جیب خرچ سے مسلم لیگ کے لیے قائد اعظم کو عطیات بھیج کر مثالیں قائم کیں، قائد کے سیاسی مخالفین بھی ان کی سچائی اور کردار کی مضبوطی اور اصولوں کی پاسداری کو سراہتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ہمیں تعلیم، علم اور ہنر کی ضرورت ہے، معاشی طور پر مضبوط ہو کر ملک کا دفاع اور سلامتی یقینی بنا سکتے ہیں۔
قبل ازیں، بچوں نے تقاریر کے ذریعے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا، بچوں کی تقاریر میں قائد اعظم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور نوجوانوں اور بچوں سے ان کی محبت پر روشنی ڈالی، اسلام آباد کے مختلف اسکولوں کے طلباء اور خصوصی بچوں نے ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی۔
تقریب میں ملک کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے والے میڈلے پیش کیے گئے، بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ضرور پڑھیں؛ صدر مملکت کا مراد سعید کی ‘شکایات’ دور کرنے کیلئے وزیر اعظم اور چیف جسٹس کو خط
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News