ایڈمنسٹریٹر کراچی
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے متعلقہ افسران کو سڑکوں اور شاہراہوں سے ملبہ اور کچرا فوری صاف کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی صدارت میں ایم سی اور ڈی ایم سیز کے محکمہ پارکس کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی صدارت میں محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا. pic.twitter.com/PAAIy5UGD5
— Karachi Metropolitan Corporation (@KmcPakistan) December 12, 2022
اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ پارکس کو بوگن وِلا اور دیگر خوشنما پھولدار پودوں کو سڑکوں کے اطراف لگانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا کہ کراچی کی تمام بڑی اور اہم سڑکوں کے اطراف بھرپور شجر کاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران سڑکوں اور شاہراہوں سے ملبہ اور کچرا فوری صاف کریں، شاہراہ پاکستان پر واقع فلائی اوورز کے نیچے سے خانہ بدوشوں کو نکال کر صفائی کی جائے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ کڈنی ہِل پارک میں شہریوں کے لیے جدید چیئرلفٹ نصب کی جائے گی۔ ایمپریس مارکیٹ پر رنگ و روغن اور صفائی ستھرائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران پر فخر ہے، ہمیں اپنی عزت و حرمت لوگوں کو دکھانی ہے، کے ایم سی کے زیر انتظام تمام بڑی سڑکوں اور شاہراہوں کا خود دورہ کر کے معائنہ کروں گا۔
سیف الرحمان نے کہا کہ اچھا کام کریں تو سب آپ کا ساتھ دیتے ہیں اور سراہتے ہیں یہی کامیابی ہے، شہر کی بہتری کے لیے ڈی ایم سیز، کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطے بڑھائے جائیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ افسران علاقائی حدود کے حوالے سے تفریق ختم کریں اور پورے شہر میں کام کی حکمت عملی بنائیں۔
پارکینگ مافیا نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے
دوسری جانب پارکینگ مافیا نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمان کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں۔
شہر کے مختلف مقامات پر چارج پارکینگ کے نام پر اضافی رقم لینے کا عمل بدستور جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ فیصل پر قائم عوامی مرکز سمیت اسپتالوں تک کے باہر سے چارج پارکینگ کے نام پر پیسہ جمع کیے جارہے ہیں۔
اس صورتحال کے بعد شہریوں کے ذہنوں میں سوال اٹھ گیا ہے کہ کیا شہر کے دیگر مسائل پر دیے جانے والے احکامات بھی اسی طرح ہوا میں اڑائے جائیں گے؟
خیال رہے کہ نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کسی بھی پارکینگ سے پیسے نہ لینے کے احکامات دیے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
