
خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ اسمبلیاں نہیں توڑیں گے۔
احتساب عدالت کے باہر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس بھونڈے انداز میں یہ کیس بنے وہ سب کو معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں نے اسکا نوٹس لیا اور ایسے ریمارکس دیے جس سے معلوم ہو گیا کہ کیس جھوٹے تھے، اس وقت یہ سب بھنگڑے ڈالتے تھے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ بھی ساتھ تھی اور کچھ جج بھی ساتھ تھے، اب وہ ساتھ دینے والے نہیں رہے۔
‘عمران خان کا سیاہ دور چلا گیا’
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ابھی تو عمران خان کے ساتھ کچھ ہوا بھی نہیں اور وہ چیخیں مار رہا تھا، عمران خان کا لانگ مارچ نالہ لئی میں لینڈ کر گیا ہے، یہ جو کام کرتا ہے وہ الٹا پڑ جاتا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ کرپشن کرپشن کہتے تھے تو ثبوت بھی لانے تھے، عمران خان کا سیاہ دور چلا گیا نہ اب وہ جج موجود نہیں جو اسے سپورٹ کرتے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ احسان فراموش ہے جنہوں نے اسے بنایا اسی کے خلاف ہو گیا، جو یہ گند ڈال گیا ہے اسے ٹھیک کرنا آسان نہیں ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اب چئیرمین دیانتدار آدمی ہیں، اب وہ جج بھی نہیں رہے جو نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے دیتے تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پرویز الہیٰ اسمبلیاں نہیں توڑیں گے، جب باجوہ صاحب تھے تو یہ انکے بوٹ پالش کرتا تھا۔
‘نیب کو ختم کر کے نیا ادارہ بنانا چاہیے’
انکا کہنا ہے کہ نیب کے پچھلے چیئرمین کو عمران خان بلیک میل کرتے تھے، نیب کو تو ختم کر دینا چاہیے اور نیا ادارہ بنانا چاہیے، دوبارہ حکومت کا موقع ملا تو قانون سازی کر کے نیا احتساب کا ادارہ بنائیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ خزانہ خالی ہے ریلوے کی کوچز 2017 کا پروجیکٹ تھا لیکن وہ کوچز اب آرہی ہیں۔
پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس، سماعت 10 جنوری تک ملتوی
دوسری جانب احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
جج کے رخصت ہونے کے باعث کارروائی 10 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عدالت نے بریت کی درخواستوں پر وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کر رکھا تھا جبکہ نیب نے بریت کی درخواستوں پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرا رکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News