صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک تزویراتی منصوبہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک کو سی پیک میں شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے، منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا مکمل فعال ہونا ایک اہم سنگ میل ہے، چینی آئی ٹی سیکٹر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے چین اور گوادر کے درمیان سڑک کے رابطوں کو پورا سال تمام موسمی حالات میں مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، پاکستان نے چینی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، پاکستان چینی قیادت کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے سیکھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں سے اقتصادی، مالیاتی، مواصلات، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوا، موجودہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں چین نے خطے میں بہت اہمیت اختیار کر لی ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کا قریبی ساتھی ہے، دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مقامی کرنسی کے استعمال کے آپشنز تلاش کرنے چاہئیں۔
چینی سفیر نے صدر مملکت کو چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کھاچیانگ کی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں اور کہا کہ چینی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے لاکھوں متاثرین کی تکالیف کم کرنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور ہمدردی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
