ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ناروے کے سفیر پر البرٹ الساس کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ناروے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے، ناروے کا انسانی حقوق پر بہترین ٹریک ریکارڈ ہے جبکہ ناروے نے دنیا میں مختلف جگہوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے پر آواز بھی اُٹھائی ہے اور اپنا مثبت رول بھی ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناروے مسئلہ کشمیر پر ایک بہتر ثالث ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ناروے کے انڈیا اور پاکستان سے یکساں اور بہترین دوستانہ تعلقات ہیں چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کوتیسری دنیا کی دو جوہری طاقتوں کو اُن کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ دینا چاہیے چونکہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے اور پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے لہذا ناروے دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا موثر اور اہم رول ادا کرے۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیرپر البرٹ الساس کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں پر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا۔
صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 75 سال سے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں اور اُن کی آزادی کی جدوجہد اب تک جاری و ساری ہے لٰہذا ناروے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
