ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما نے رنگ جمانے شروع کر دیے، کہیں بارش اور کہیں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ کوئٹہ میں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، تاہم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے فلک پوش پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔
بالاکوٹ و گردونواح اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مکڑا پہاڑ، پیر چناسی، جہلم ویلی، وادی لیپہ اور وادی نیلم کی پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی برف باری سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، تاہم شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار اور کشمیرمیں بارش اور برفباری کی توقع ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں ہلکی دھند کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد میں آج موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، باجوڑ، کرم، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین نوکنڈی، دالبندین، چاغی، قلات، مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے الرٹ
اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا تھا کہ بارشوں اور برف باری سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج رات سردی کی شدت بڑھنے کا امکان
ہدایات میں بتایا گیا تھا کہ بالائی اضلاع میں، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکوں پر رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے ۔
اسکے علاوہ بارش کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے جبکہ برفباری پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت خلل کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
