وزیراعلیٰ پنجاب سے سبطین خان اور راجہ بشارت کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ سے اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان اور وزیر پارلیمانی امور پنجاب راجہ بشارت کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات جلد ہوں گے اور پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی، جب عمران خان نے کہا کہ اسمبلی کی امانت انہیں واپس کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، خلوص اور دل سے ساتھ نبھاتے ہیں، عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
پرویزالہیٰ نے مزید کہا کہ مخالفین کو اعتماد کے ووٹ کے دن ایسا سرپرائز ملا کہ ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، مخالفین کو آئندہ بھی سرپرائز دیں گے۔
دوسری جانب وزیر پارلیمانی امور پنجاب راجہ بشارت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو عہد کیا اسے بخوبی نبھایا۔
ملاقات میں سبطین خان اور راجہ بشارت نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ سے کہا کہ آپ کی استقامت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب آج متعدد پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ آج داتا دربار، پارکنگ پلازہ اورانفرا اسٹرکچر کی بحالی کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 3ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، یہ منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہوگا، اس پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف زائرین بلکہ داتا دربار، بلال گنج، بھاٹی گیٹ، اردو بازار، موری گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، تعلیمی ادارے، اسپتال اور دیگر ملحقہ علاقے کے عوام مستفید ہوں گے۔
پرویزالہیٰ نے کہا کہ دو تہہ خانوں اور چھ منزلوں پرمشتمل پارکنگ پلازہ 7 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا اور پارکنگ پلازہ میں 500سے زائد گاڑیاں پارک کی جا سکیں گی۔
انکا کہنا ہے کہ انڈرپاس کے ذریعے پارکنگ پلازہ کو داتا دربار بیسمنٹ سے منسلک کیا جائے گا، یہ پارکنگ پازہ لفٹس، سیڑھیوں، فائر فائٹنگ سسٹم، جنریٹر، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ داتا دربار کے سامنے ٹریفک لین میں بھی بہتری اور پیدل چلنے والوں کے لیے سہولت پیدا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سید رفاقت علی گیلانی، پیر سید سعیدالحسن گیلانی شاہ، پیر رشید شمیم، میاں محمد حنیف، میاں حیدر، میاں رشید، حاجی شاہد حمید، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
