
راجہ اظہر کا سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر صدر مملکت کو خط
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا ہے۔
راجہ اظہر کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سویڈن میں قرآن مجید کی حرمت پر حکومت پاکستان کا کوئی خاص ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ واقعے سے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، قرآن مجید کی حرمت پر حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اجلاس، سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید مذمت
خط میں مزید کہا گیا کہ معاملے پر او آئی سی سمیت مسلمان ریاستوں نے عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ نہیں کیا۔ پاکستان صرف نام سے اسلامی جمہوریہ نہیں، ہم آئین کی رو سے بھی قرآن و سنت کو مقدم رکھتے ہیں۔
راجہ اظہر نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے، قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کیخلاف سخت سزاؤں کا تعین ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ پابند کرے کہ قرآن مجید کی حرمت سے متعلق ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، سویڈن میں پیش آنے والے واقعے پر سویڈن ہائی کمیشن کو بذریعہ خط تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سویڈش حکام نے ڈنمارک کے ایک انتہا پسند کو اسٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کو آگ لگانے کی اجازت دی تھی۔ اس اقدام پر پوری اسلامی دنیا میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمان سراپا احتجاج سڑکوں پر آ گئے اور اس توہین آمیز اقدام کے خلاف احتجاج کیا۔
دوسری جانب مظاہرین نے سویڈن کی حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی گھناؤنا فعل اور ناقابل قبول ہے، وزیراعظم
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News