
پاکستان میں سال 2023 کا پہلا سورج طلوع
نئی امیدوں، امنگوں اور عزم نو کے ساتھ 2023 کا پہلا سورج طلوع ہو گیا۔
پاکستان میں سال 2023 کا پہلا سورج طلوع ہو گیا، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت کئی شہروں میں خوبصورت نظارہ دیکھا گیا اور نئے سال میں ملکی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کیلئے دعا کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سال نو کا پہلا سورج 7 بج کر 16 منٹ پر طلوع ہوا۔
نیا دن، نیا سال، نئی امنگیں، امیدیں اور دعا ہے کہ 2023 کا پہلا سورج پاکستان کے لیے، پاکستانیوں کے لیے اور ساری دنیا کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہو، امن کا ہر طرف بول بالا ہو اور یہ سال ہر کسی کے لیے کامیابیاں لائے۔
یہ بھی پڑھیں: نئی امیدوں، تمناؤں اور دعاؤں کیساتھ 2023 کا آغاز
دعا ہے کہ 2023 پاکستان کے لیے خوش حالی اور استحکام لائے، کراچی سے کشمیر، گوادر سے گلگت بلتستان امن ہو، خوشیاں ہوں، پاکستان کو معاشی دوام حاصل ہو اور ملکی ترقی کا پہیہ پہلے سے بھی تیز دوڑے۔
سال 2022 میں جن تلخیوں، شکست اور ناکامیوں کا سامنا رہا، دعا ہے کہ اس سال تمام دیرینہ مسائل حل اور ادھورے خواب پورے ہوں اور یہ نیا سال محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا سال ثابت ہو۔
سال نو کا جشن، شاندار آتش بازی
دوسری جانب گزشتہ رات ملک کے مختلف شہروں میں پابندیوں کے باجود نئے سال کا جشن منانے کیلئے منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور سال نو کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا جبکہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
سال نو کا آغاز ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس دوران آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور اس منظر نے سماں باندھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں؛ 2022 بہترین سال بھی تھا اور بدترین بھی، عمران خان
علاوہ ازیں سال نو کے موقع پر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو کی آمد پر ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 24 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
فائرنگ کے واقعات صدر سن پیٹرک اسکول، گارڈن عثمان آباد، لائٹ ہاؤس، سول اسپتال راجہ میشن، حسین آباد، ناظم آباد بورڈ آفس، ناظم آباد پل، لیاقت آباد، فائیواسٹار چورنگی، کھارادر، کشمیر کالونی، دھوراجی چورنگی، ایکسپو سینٹر، الاصف اسکوائر، آئی سی آئی سومرو گلی، لانڈھی فیوچر کالونی، ناگن چورنگی، قصبہ کٹی پہاڑی، واٹر پمپ، ایف بی ایریا، جمشید کوارٹر اور برنس روڈ پر رونما ہوئے۔
سال نو کے موقعے پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال، جناح اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News