
نگراں وزیراعلیٰ کیلئے ن لیگ کی جانب سے پیش نام متنازع ہیں، فیاض الحسن
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ن لیگ کی جانب سے پیش نام متنازع ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فیاض الحسن چوہان نے “دنیا بول ہے” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی نے 3معتبر نام پیش کیے جبکہ ن لیگ کی طرف سے پیش نام متنازع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے نیب زدہ احد چیمہ کا نام دیا گیا اور آصف زرداری کے فرنٹ میں محسن نقوی کا نام دیا گیا، ناموں سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ حکومت کتنی سنجیدہ ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فیصلہ نہ ہوسکا تو پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کریگی اور پرسوں تک بھی فیصلہ نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا، الیکشن کمیشن کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔
حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کریگی تو عوام کا دیوالیہ نکل جائیگا
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسپیکر نے 35 استعفے منظور کیے، پہلے کہا فرداً فرداً آئیں گے، اسپیکر، حکومت اور ای سی کا غیرذمہ دارانہ کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کرپا رہی، حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرے گی تو عوام کا دیوالیہ نکل جائے گا۔
نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج طلب
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج 3 بجے پنجاب اسمبلی سیکریٹ میں ہوگا جس کا گزشتہ روز نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔
پارلیمانی کمیٹی آج نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے بارے میں مشاورت کرے گی، پارلیمانی کمیٹی کے پاس اتفاق رائے کے لئے صرف آج کا دن ہے جبکہ دو دن پارلیمانی کمیٹی کی مشاورت ہی نہیں ہوسکی۔
پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی اتحاد کی جانب سے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت کے نام شامل ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور سید حسن مرتضیٰ کے نام شامل ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی کے پاس اتفاق رائے کے لئے آج رات دس بجکر دس منٹ تک کا وقت ہوگا اور ناکامی پر نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کا معاملہ الیکشن کمیشن کو چلا جائے گا، اس کے بعد الیکشن کمیشن اڑتالیس گھنٹے میں چار میں سے کسی ایک شخصیت کو نگراں وزیراعلیٰ کے طور نوٹیفائی کردے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر، پارلیمانی کمیٹی تاحال مشاورتی عمل شروع نہ کرسکی
علاوہ ازیں حکومتی اتحاد کی جانب سے نصیر خان کو ڈراپ کرکے سابق چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ اور احمد نواز سکھیرا کے نام تجویز کیے ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پہلے ہی نام برقرار ہیں، اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سینئر صحافی محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے نام تجویز ہیں۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن تحریک انصاف کی جانب سے نام تبدیل کرنے پر اعتراض کرچکی ہے، ن لیگ پارلیمانی کمیٹی میں نام کی تبدیلی کے خلاف اپنا موقف پیش کرے گی، مسلم لیگ ن اپنے موقف میں بتائے گی کہ پارلیمانی کمیٹی میں نام تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News