
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے تحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے جماعت اسلامی کے تحت صوبائی الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فرض بنتا تھا کہ انتخابی عمل کو میرٹ کی بنیاد پر پورا کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے پروسس کو مکمل کرنا چاہتا ہے تو وہ کسی کے دباؤ میں نہ آئے صاف اور شفاف انتخابی عمل کو مکمل کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی ترجمانی کی ہے، کوئی بھی جماعت لوکل سطح پر انتخابات نہیں کروانا چاہتی، اب کراچی کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں لوکل سطح پر انتخابات کروانے کی جدوجہد کی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایم کیو ایم کی جوڑ توڑ کرنے والوں کی سازش ناکام کرکے انتخابات کروائے۔
یہ بھی پڑھیں؛ کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی دباؤ کے 11 ملتوی شدہ نشستوں کے شیڈول کا اعلان کرے اور جن نشستوں پر فیصلہ کیا جانا ہے فوری طور پر فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سن لیں کہ آپ کے ممبر کراچی کے شہریوں کو ہلکا نہ لیں، جماعت اسلامی لوہے کے چنے ہیں چبانے کی کوشش کروگے تو دانت ٹوٹ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان شہریوں کے ساتھ مل کر پورے ملک میں بھی ہڑتال کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو مسائل حل ہوں گے، حافظ نعیم الرحمٰن
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی زمہ داری ہے کہ وہ حکومتوں کی چاکری نہ کریں بلکہ حق پر مبنی فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر اعلان نہیں کریں گے تو ٹرین مارچ کرکے الیکشن کمیشن آف اسلام آباد میں بھی پہنچیں گے اور جماعت اسلامی وہ جماعت نہیں ہے جسے گورنر چندوزارتیں دے کر چپ کروادے، بلدیاتی انتخابات کے عمل کو بڑھانے کے لیے گلی محلوں میں تحریک چلائیں گے اور اگر ضرورت پڑی توہم ٹرین مارچ بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمکشِ کا راستہ اور مزاحمت کا راستہ ہی کامیابی کا راستہ ہے، آئین اور قانون کے تحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں؛ اس بار قربانی عوام کو نہیں حکمرانوں کو دینی ہو گی، سراج الحق
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج ہم نے علامتی دھرنا دیا ہے اور انتخابی عمل پوری نہ ہونے پر لائحہ عمل کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملتوی شدہ نشستوں کی تاریخ کا اعلان کردیں تو ہم لائحہ عمل کی تاریخ کا اعلان بھی کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے ہارنے والے نمائندے گلی محلوں میں موجود رہیں اور جماعت اسلامی کے وہ نمائندے جو جیت چکے ہیں وہ سب کی خدمت کریں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اب اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ دھرنی بھی دے سکے، گورنر سندھ کو بلا کر دھرنا ملتوی کرتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News