
عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے تاریخی کردار ادا کرنا ہے، مریم نواز
سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) ساہیوال کی مرکزی تنظیم کا اجلاس مریم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مدر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف شعبوں کے اشتراک عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے گزشتہ روز ساہیوال میں پرجوش تنظیمی کنونشن منعقد کرنے پر پارٹی قیادت اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر دِل خوش ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آرہے ہیں، یہ ہے اصل تبدیلی، عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مریم نواز
چیف آرگنائزر کا کہنا ہے کہ سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، عوام کی خدمت کی ذمہ داری بھی ہم پر زیادہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی تنظیم ذیلی شعبہ جات کے لئے ماں کی طرح ہوتی ہے، محنتی ، نظریاتی اور مشکلات کاڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں، حقیقت بتائیں، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔
دوسری جانب ساہیوال کی مرکزی تنظیم نے مریم نواز کو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارک دی۔
کارکنوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے چیف آرگنائزر بننے سے پارٹی میں ایک نئی جان آگئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News