مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر عدلیہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین عدالت تب ہوتی ہے جب عمران پیشی پر آنے کے احکامات جوتی تلے روندتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ چور اور گھڑی چور کو سب سے پہلے گوجرانوالہ والوں نے پکڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے فتنے اور نوسرباز کو گوجرانوالہ والے پہچانتے ہیں، فواد چوہدری نے کہا عدالت کے باہر ٹرک کھڑا کردیں گے، یہ ٹرک ملک کو لے کر بیٹھ گیا، اس ٹرک کے چاروں پہیے پنکچر کرکے چھوڑیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ توہین عدالت تب ہوتی ہے جب عمران پیشی پر آنے کے احکامات جوتی تلے روندتا ہے، پانامہ سے اقامہ نکالا، کچھ شرم کرو، پانچ مہینے ہوگئے عمران خان کی ٹانگ کا پلستر نہیں اتر رہا۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف کی بیماری کا مذاق اڑاتے تھے، عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ کا پلستر دکھا دیتے ہو، کہا جاتا تھا نوازشریف ایک گھنٹے میں پیش ہوں اور وہ پیش ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہتا تھا امریکا کے آگے جھکیں گے نہیں اور اب معافیاں مانگ رہا ہے، کل جیل بھرو تحریک بھی آہوں اور سسکیوں میں دفن ہوگئی،اس سے ناکام ترین جیل بھرو تحریک ہم نے کبھی نہیں دیکھی، تم جیبیں بھرو اور کارکن جیل بھریں، یہ کون سا انصاف ہے؟ کیا یہ میں نے کہا تھا سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہیں؟
مریم نواز نے کہا کہ جس اسمبلی سے اکڑ کر نکلا اسی اسمبلی میں واپسی کیلئے منتیں کر رہا ہے ، جب میں آئینہ دکھاتی ہوں تو انہیں توہین عدالت یاد آجاتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کیوں ایسے شخص کو بچانا چاہتے ہو جس کی کشتی گہرے پانی میں ڈوب چکی ہو، وہ شخص تو ڈوب گیا تم کیوں اپنی نوکری ڈبونے پر تلے ہوئے ہو۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
