
گورنر سندھ نے کہا ہے کہ چھ ماہ تک بیس لاکھ خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سفید پوش افرادمیں راشن پیکج کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راشن پیکج سے سفید پوش خاندان سحری و افطاری کی ضروریات کو پورا کرسکیں گے، اس نیک کام کا مقصد ان کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچانا ہے کیونکہ ایسے افراد کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔
انہوں نے کہا کہ اس راشن پیکج ملنے پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانہ کی دعائیں کریں کیونکہ آپ کی دعائیں ضرور قبول ہوتی ہیں، یہ راشن کوریئر سروس کے ذریعہ گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فروری 2023 کے اس معاہدہ میں یونٹی فوڈ ز اور جے ڈی سی نے عہد کیا تھا کہ وہ غریب بہن بھائیوں کے لئے مل کر بھرپور اقدامات یقینی بنائیں گے، یونٹی فوڈز اور جے ڈی سی دونوں کا یہ عزم ہے کہ پاکستان سے خوراک کی کمی کے مسئلہ کو مل کر حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یونٹی فوڈز اور جے ڈی سی آج سے ہی راشن پیکج کی تقسیم کررہے ہیں، اس وقت 10 لاکھ سے زائد مستحق افراد اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے تحت رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس جدید دور میں گھر بیٹھے موبائل کے ذریعہ مستحق افراد اپنی رجسٹریشن یقینی بنا سکتے ہیں اور اس منصوبہ کے تحت 20لاکھ سفید پوش افراد تک راشن پہنچایا جا ئے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھ ماہ تک بیس لاکھ خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا اور اس راشن پر ایک ماہ میں دس ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیکٹ میں ایک ماہ کا راشن ہوگا جو چھ ماہ تک اسے ملتا رہے گا ، ایک راشن 27 کلو کا ہے جس میں پانچ افراد کے لوگوں کا سامان ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ پورے شہر کراچی میں جو لوگ افطار نہیں کرسکتے وہ گورنر ہاﺅس آئیں اور افطار کریں ، میں گورنر ہاﺅس میں انکا خود استقبال کروں گا اور ساتھ بیٹھ کر افطار کروں گا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News