
گورنر کے پی کا الیکشن پر یوٹرن، 28 مئی کو انتخابات کرانے کو خارج از امکان قرار
خیبرپختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے الیکشن پر یوٹرن لے لیا، گورنر نے 28 مئی کو انتخابات کرانے کو خارج از امکان قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساری جماعتوں کی ایک ہی آواز ہے کہ الیکشن ایک ہی دن کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو خط میں نے الیکشن کمیشن کو دوبارہ لکھا ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے، خط میں جن تحفظات کا ذکر کیا ہے وہ سب حقیقت ہے۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ حالات ایسے نہیں کہ انتخابات کروائے جائیں، میرے علاوہ الیکشن کمیشن نے جس جس ادارے سے ملاقات کی ہے سب نے انہی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ 28 مئی کو انتخابات کرانا ممکن نہیں، الیکشن کمیشن ریکوائرمنٹ پوری کرے تب انتخابات ہوں گے۔
اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے انتخابات 28 مئی کو کرانے کی تجویز کردی تھی۔
خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتخابات کی تاریخ تجویز کی گئی تھی۔
اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی خدشات سے پہلے بھی آگاہ کیا، انتخابات کیلئے تمام انتظامات کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن نے انتظامات اور سیکیورٹی پلان پر بریفنگ سے انکار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبر پختونخوا کی انتخابات 28 مئی کو کرانے کی تجویز
اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن ملتوی نہیں کرسکتے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا تھا کہ مجھ پر پوری قوم کا دباؤ تھا، الیکشن سے متعلق اپنی آئینی ذمہ داری پوری کردی، الیکشن کمیشن کو اپنے خدشات سے آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت سے گورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات، انتخابات سے متعلق گفتگو
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News