متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مردم شماری کا عمل مسترد کردیا ہے۔
سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے ڈیٹا تک ہمیں رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو 46فیصد گنا جاچکا ہے، کراچی کی آبادی 84 لاکھ 87 ہزار دکھائی جارہی ہے جبکہ کراچی کی آبادی زیادہ سے زیادہ2 کروڑ دکھانے کا پروگرام ہے، کراچی کے اعداد وشمار غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔
صوبائی ملازمین سے کرائی گئی مردم شماری مسترد کرتے ہیں
فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کرنے والے ملازم صوبائی حکومت کے ماتحت ہیں، صوبائی ملازمین کے ذریعے مردم شماری میں بدترین دھاندلی کی گئی، صوبائی ملازمین سے کرائی گئی مردم شماری مسترد کرتے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ پی پی نے پہلے خود اعتراض کیا پھر قوم پرستوں کو کھڑا کیا، مردم شماری شروع ہوئی تو پیپلزپارٹی کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔
ہماری آبادی کو کم دکھایا جارہا ہے
ایم کیو ایم بحالی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ہماری آبادی کو کم دکھایا جارہا ہے، کراچی میں ایک بار پھر باریک کام کردیا گیا، شہری آبادی کو کم اور دیہات کو زیادہ گنا جارہا ہے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ آبادی کے اعدادو شمار صحیح ہوں تو اگلا وزیراعلیٰ کراچی سے ہوگا، حلقہ بندیوں اور انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ہمارے خدشات حقیقت کے طور پر سامنے آگئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
