اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ کا الزام:پی ٹی آئی کے کتنے کارکنان گرفتار ہوئے؟ رپورٹ جاری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کے اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملوں کے الزام میں اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق پولیس نے اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملوں کے الزام کے تحت چھاپہ مار مختلف کارروائیوں میں اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں اور وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پرتشدد واقعات میں گرفتار افراد کی اطلاع دیگر اضلاع کو بھی دی جارہی ہے تاکہ دیگر اضلاع میں مطلوب افراد ان کے حوالے کیے جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع ان کے متعلقہ محکموں کو بھیجی جارہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان کا سابقہ پولیس ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر متحرک سرکاری ملازمین جو اشتعال انگی کارروائیوں میں شامل تھے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کے بارے میں اطلاع ان کے اداروں کو بھیجی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تارکین وطن جو ان کارروائیوں میں شامل پائے گئے ہیں ان کے متعلقہ غیر ملکی سفارت خانوں کو خطوط لکھے جارہے ہیں اور پر تشدد مظاہروں کی مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے کیے گئے پر تشدد جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر حملے میں 58 پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ 12 گاڑیوں سمیت 20 موٹر سائیکل اور ایک پولیس چوکی نذر آتش کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
