
ملک آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے کسی فرد واحد کی خواہش پر نہیں، ذوالفقار علی بدر
ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے کسی فرد واحد کی خواہش پر نہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب ملک آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے کسی فرد واحد کی خواہش پر نہیں، آئین شکنی اور قانون شکنی کرنے کے بعد عمران خان نے ملک کے اداروں کو بھی اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔
ذوالفقار علی بدر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ملک کے اندر نہ پہلے کوئی بہتری لے کر آئے اور نہ اب عوام کو عمران خان کی جانب سے کوئی بہتری لانے کی امید ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے مزید کہا کہ عمران خان کو اگر عوامی مفاد کا خیال ہے تو غیرمشروط طور پر بات کرنے کے لئے ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا، خان صاحب اگر ملک بچانا ہے تو اپنی سیاسی ضد اور انا کو چھوڑنا ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو ہم نے تسلیم کیا، سازش کے تحت ہماری حکومت کو گرایا گیا اور جب ہماری حکومت گرائی گئی تو لاکھوں لوگ سڑکوں پر آگئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور ان کے سہولت کار الیکشن کرانے سے ڈر گئے، ان لوگوں کو 30سال سے جانتا ہوں یہ معیشت نہیں سنبھال سکیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے خلاف 74ایف آئی آر درج کی گئی، جنرل مشرف کے دور میں جیل گیا مگر ایسی سختی نہیں دیکھی، میں باربار کہتا رہا کہ الیکشن کراو، الیکشن کرانے کامطالبہ ماننے کی بجائے ہمارے کارکنوں پر سختیاں کی گئیں
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل صاف و شفاف الیکشن ہیں، صاف وشفاف الیکشن نہیں ہونگے تو ملک دلدل میں پھنس جائے گا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ساڑھے3 سال میں کورونا کی وجہ سے عالمی مہنگائی تھی، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی آئی اور قیمتیں اوپر گئیں لیکن اس کے باوجود ہمارے دور میں اکانومی 6فیصد پرترقی کر رہی تھی جبکہ آج گروتھ ریٹ صفر پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے، گھروں میں مہنگائی کے باعث خواتین پریشان ہیں، ان لوگوں نے اقتدار میں آکر انڈے، دودھ اور آٹا مہنگا کردیا ہے جبکہ ٹیوب ویل کی بجلی کا یونٹ بھی 8 سے36 روپے کا ہوگیا اور پیٹرول 150روپے لیٹر سے 268روپے کا ہوگیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ابھی ملک میں مزید مہنگائی آنے والی ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل بھی مزید مہنگا ہونے والا ہے، ملک کو دلدل سے نکلالنے کیلئے عوامی مینڈیٹ والی حکومت آنی چاہئے کیونکہ مسائل تب ہی حل ہوں گے جب عوامی نمائندہ حکومت آئے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں کیونکہ جب سیاسی استحکام آئے گا تو ہی معاشی استحکام آئے گا جبکہ ملک میں معاشی استحکام تب آئے گا جب عوامی مینڈیٹ والی حکومت آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں لیکن پاکستان میں آج کوئی بھی سرمایہ کاری کے لیےتیار نہیں، کسی نے بھی ملک کی برآمدات بڑھانے پر توجہ نہیں دی، قرضے ملنے پر بڑی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ڈالرمہنگا ہونے سےحکمران امیر اور غریب مزید نیچے جاررہےہیں، جب تک سرمایہ کاری نہیں آئے گی آمدنی نہیں بڑھے گی، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت سے نکلنے کیلئے ہمیشہ قربانی دینی پڑتی ہے، وہ قدم اٹھانے پڑیں گے جو آج تک پاکستان میں نہیں اٹھائے، اصل چیلنج ملک میں سرمایہ کاری لیکر آنی ہے، سب سے پہلے حکومتی خرچے ختم کرنا ہوں گے۔
عمران خان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جن ممالک میں قانون کی حکمرانی ہے وہ خوشحال ہیں، دو صوبوں کے بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والوں سے کس طرح بات چیت کی جائے، سیاستدانوں سے بات کرنے میں کوئی حرج نہیں، سیاستدانوں سے بات ہوسکتی ہے مگر چوروں سے نہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان سب سے بات کرتا ہے، اگر اپنی ذات کے لیے سیاست کرتا تو سب سے بدلہ لیتا لیکن ملک کی خاطر سب کچھ معاف کرنے کے لیے تیارہوں، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا وہ بھی معاف کردیتا ہوں جبکہ سب سے بات چیت اور سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News