
پاکستان کا ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک اور امدادی کھیپ بھیجنے کا فیصلہ
ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے این ڈی ایم اے اور پاک بحریہ سرگرمِ عمل ہیں، ترکیہ اور شام کیلئے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے پاک بحریہ کے ذریعے ایک اور امدادی کھیپ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کا جہاز 550 ٹن کا امدادی سامان لے کر 23 اور 30 مارچ کو بالترتیب ترکیہ اور شام پہنچے گا۔ مثاترین زلزلہ کیلئے این ڈی ایم اے کے اشتراک سے پاک بحریہ کا دوسرا جہاز امدادی سامان کی دوسری کھیپ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کیلئے امدادی سامان میں ساڑھے 3 ہزار سردی اور آگ سے بچاؤ کیلئے خیمے، 38 ہزار کمبل اور 113 ٹن کا دیگر ضروریات زندگی کا سامان جبکہ شام کیلئے تیار شدہ سامان میں 21 ہزار سے زائد کمبل اور 113 ٹن سے زائد کا دیگر سامان شامل ہے۔
تمام تر انتظامات 9 سے 10 مارچ تک مکمل کر لئے جائیں گے تاکہ 11 مارچ کو امدادی سامان کو بذریعہ بحری راستے روانہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان مسلسل اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
افواج پاکستان اور این ڈی ایم اے کی مشترکہ کاوشوں کی پہلے ہی ترکیہ اور شام کی عوام معترف رہی ہیں جس کا اندازہ بین الاقوامی میڈیا کی پذیرائی سے لگایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی زندگیاں بچانے والے قوم کے بہادر بیٹوں کو سلام ، وزیراعظم
یاد رہے کہ 6 فروری کوترکیہ کے جنوب مشرقی اور ہمسایہ ملک شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس میں 45,000 سے زیادہ افراد ہلاک اور 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے اور اس کے ساتھ ہی اربوں ڈالر کی اقتصادی لاگت متوقع ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا اندازہ تھا کہ ترکیہ اور شام دونوں ممالک میں تقریباً 26 ملین افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News