ہمارا مستقبل روشن ہے، سراج الحق
کوئٹہ: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملکی تباہی کا ذمہ دار حکمرانوں کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ تباہی کے اصل ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں، ملک کے حکمران صرف اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے مستقبل کے لیے با اختیار قیادت کا چناو کیا، جن پر یہ ذمہ داری ڈالی گئی ہے انکے لیے یہ ایک امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ ہی کسی خاندان کی جماعت ہے اور نہ ہی کسی قوم کی جماعت ہے، یہ محض اسلامی جماعت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ملک میں ابھی بھی یہودیوں کا بنایا گیا سودی نظام چل رہا ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آنے کے بعد سودی نظام کو ختم کرے گی، پی ڈی ایم کی حکومت ہو یا اس سے پہلے کی حکومت سب اسی نظام کے ساتھ حکومت کر رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ عدالتیں انکی مرضی کے فیصلے دیں۔
انکا کہنا ہے کہ ہمیں مغرب سے خطرہ نہیں بلکہ ہماری تباہی کے اصل ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں، ہماری معیشت نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش سے بھی گر چکی ہے، ہمارے حکمرانوں نے ہر وہ کام کیا جو ہماری بربادی کی وجہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ توشہ خانہ میں گھڑیاں، گاڑیاں سمیت کوئی چیز چھوڑی نہیں گئی، کرپٹ ٹولہ ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت نے جاتے جاتے بم گرا دیا، سرکاری بنگلوں میں رہنے والے بل ادا نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران وہ پروٹوکول لیتے ہیں جو مغل بادشاہ بھی نہیں لیتے تھے، حکومت میں آئے تو پروٹوکول ختم کرینگے، جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو تعلیم سمیت ہر شعبے میں بہتری لائیں گے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ بلوچستان میں وسیع خزانے، ساحل موجود ہیں لیکن یہ صوبہ مسائل سے گرا ہوا ہے، بلوچستان میں نہ اسکولوں میں اساتذہ ہیں اور نہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہیں، بلوچستان حکومت نے ہمیشہ قومیت کے نام پر اپنی قوموں کا استحصال کیا ہے، ملک کو اب تبدیلی کی ضرورت ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
