
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود اور اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسد عمر کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شاہ محمود، اسد عمر اور اسد قیصر کے کیسز آئندہ سماعت پر ایک ساتھ سن لئے جائیں۔
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ وہ الگ مقدمہ ہے اُسکی سماعت کا اِس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر موقع پر موجود نہیں تھے۔
عدالت نے سوال کیا کہ پراسیکیوشن بتائے کہ پھر دونوں کے خلاف کن الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا؟ کیا دونوں رہنما موقع پر موجود نہیں تھے؟
سرکاری وکیل نے کہا کہ موقع پر موجود نہیں تھے لیکن ان کی ایما پر کارکنوں نے احتجاج کیا۔
عدالت نے سوال کیا کہ کیا پولیس کے پاس شاہ محمود اور اسد عمر کے خلاف کوئی شواہد موجود ہیں؟ جب شواہد ہی موجود نہیں تو کس بنیاد پر ضمانت منظور نہ کی جائے؟
وکیل شیر افضل مروت نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ نے ہمارا کردار واضح کئے بغیر ضمانت کی درخواست مسترد کی، مقدمہ کے مطابق دس گھنٹے کے وقوعے میں دونوں شخصیات موقع پر موجود نہیں تھیں۔
عدالت نے شاہ محمود اور اسد عمر کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News