
کارگل کے معرکے میں جرات اور بہادری کی داستان رقم کرنے والے شہید کیپٹن کرنل شیر خان، نشان حیدر کا یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ پاک فوج کے شیر دل جوان کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کا 24 واں یوم شہادت آج 5 جولائی کو منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کور کمانڈر پشاور، آئی ایف سی نارتھ اور کمانڈر فورس کمانڈر ناردرن ایریاز نے صوابی میں شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستے نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار پر گارڈ آف آنر کیے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و فوجی عہدیدار اور شہید کے عزیز و اقارب بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان نے 1999ء میں بھارت کے خلاف کارگل کے معرکے میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے پاک فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر حاصل کیا۔
کیپٹن کرنل شیر خان شہید 1970ء کو صوابی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین نے پاک فوج کی محبت میں ان کا نام کرنل شیر خان رکھا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News