
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ سی پیک کو دس سال مکمل ہو گئے ہیں، چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، سی پیک اس آزمودہ سدا بہار بااعتماد اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا ایک نیا باب ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سی پیک چین کے عظیم راہنما شی جن پنگ اور قائد محمد نواز شریف کی ترقی سب کے لئے وژن کا شاندار نمونہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ صدر شی جن پنگ کی امن دوستی معاشی شراکت داری اور بقائے باہمی کی سوچ کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک صدر شی جن پنگ کا پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے، افسوس ہے کہ چار سال سی پیک کی راہ میں رکاوٹ آئی اور چین جیسے عظیم دوست پر بے بنیاد الزامات عائد ہوئے، سی پیک کے دشمن پاکستان میں ترقی امن خوشحالی کے دشمن ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ہمارے عوام کو غربت سے نجات ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو بھی سی پیک کے راستے میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس کے ثمرات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سی پیک سے ایران افغانستان وسط ایشیا اور پورے خطے کو ثمرات ملیں گے، یہ محض روڈ ریل بندرگاہ اور فضائی راستوں میں بہتری کا ہی نہیں بلکہ صحت تعلیم ہنرمندی اور ترقی کے عمل میںحصہ داری کا شاندار منصوبہ ہے، سی پیک خطوں اور علاقوں کو ہی نہیں عوام کے دِل جوڑنے کا بھی خوبصورت منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گلوبلائزیشن میں اکنامک ریجنلائزیشن کا گیم چینجر منصوبہ ہے، یہ ہمارے خطے میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں غربت سے نکال کر امن سے رہنے کا سفر ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو فولادی بنانے کا ذریعہ اور باہمی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، اس سے ملک بھر میں 9 سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر سے ٹیکنالوجی کی منتقلی ہو گی، صنعتی اشتراک عمل اور مقامی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی استعداد کار میں اضافہ اور قدرتی آفات سے بچاﺅ کے لیے پیشگی اقدامات بھی سی پیک کا حصہ ہیں، زراعت کی ترقی کے لیے مشترکہ منصوبے بھی اس میں شامل ہیں جس سے غذائی تحفظ یقینی ہو گا۔
ضرور پڑھیں؛ امریکہ کے یوم آزادی پر وزیراعظم کا جوبائیڈن اور امریکی عوام کے نام تہنیتی پیغام
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News