سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر پوری قوم سراپا احتجاج
ملک بھر میں آج سرکاری اور عوامی سطح پر یوم تقدیس قرآن منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
سندھ:
کراچی؛
کراچی کے مختلف علاقوں میں سوئیڈن کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، لانڈھی، داؤد چورنگی، کیپری چوک، گارڈن چوک، بولٹن مارکیٹ پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس موقع پر موجود ہے، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
پنجاب:
ٹوبہ ٹیک سنگھ؛
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اس واقعے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پارٹی کے ضلعی صدر میاں عبدالباسط ایڈوکیٹ نے کی۔
ریلی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی پریس کلب سے شروع ہوئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شہباز چونک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
خان پور؛
پی ٹی آئی ورکروں کی جانب سے سویڈن کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کے دوران شرکا نے سویڈن کے خلاف نعرے بازی کی۔
پی ٹی آئی رہنما آصف خان کا احتجاج کے دوران کہنا تھا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی سے دل خون کے انسو رو رہا ہے، حکومت سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے، امت مسلمہ سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔
ریلی التاج ہاؤسنگ سوسائٹی سے شروع ہو کر فضل گارڈن تک اختتام پذیر ہوئی۔
میلسی؛
ملک بھر کی طرح میلسی میں بھی مختلف مقامات پر قرآن کریم کی بے حرمتی پر انجمن تاجران اور صحافیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
پریس کلب میں صحافیوں کی جانب سے یوم تقدیس منایا گیا جبکہ انجمن تاجران کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاج کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، پلے کارڈز پر حرمتِ قرآن پر جان بھی قربان ہے کے نعرے درج تھے۔
اٹک؛
قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر سویڈن حکومت کے خلاف عوام نے سراپا احتجاج کیا۔
حکومتی جماعتوں سمیت دیگر مختلف جماعتوں کی جانب سے فوارہ چوک میں احتجاج کیا گیا۔
احتجاج کرنے والوں میں مسلم لیگ ن، جے یو آئی، جماعت اسلامی، تحریک لبیک اور کاروباری تنظیمیں شامل تھیں۔
گلگت بلتستان:
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف کلمہ چوک میں احتجاج ہوا جس میں بعد از نماز جمعہ بڑی تعداد میں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔
احتجاج میں سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سویڈن کو اس عمل کا ایسے جواب دے سکتے ہیں کہ تمام تعلیمی اداروں میں قرآن ترجمہ کے ساتھ سکھایا جائے، حکومت نے سویڈن کے ساتھ ہونے والے تین معائدے منسوخ کر دیے ہیں۔
بلوچستان:
چمن؛
ملک بھر کی طرح چمن میں بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج ہوا۔
چمن میں ختم نبوت موومنٹ کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بحرمتی کے خلاف احتجاج ہوا جس کے دوران سویڈن کا جھنڈا نذر آتش کردیا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کی اور حکومت پاکستان سے سویڈن کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں، عالمی برادری کو چاہيے کہ امن و امان کی صورتحال کو کشیدہ بنانے کے عزائم کی نشاندہی کر کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے اور امت مسلمہ کو ہر صورت انصاف دلایا جائے۔
ڈیرہ بگٹی؛
بگٹی کالونی میں تحریک لبیک پاکستان اور جماعت اسلامی کی جانب سے حرمت قرآن ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ریلیوں میں مذہبی جماعتوں کے کارکنوں سول سوسائٹی اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے سویڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
شرکاء نے احتجاج کے دوران بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں سویڈن کے خلاف نعرے درج تھے۔
مقررین کا خطاب میں کہنا تھا کہ سویڈن میں ہونے والی اس حرکت سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سوئیڈن سے تمام سفارتی تعلقات فوری ختم کرے۔
خضدار؛
پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ ہوا جس کے دوران مقررین نے کہا کہ قرآن پاک مسلمانوں کی عظیم تر کتاب ہے اس کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی، احتجاجی ریلی و مظاہرہ وزیر اعظم پاکستان کے اپیل پر کیا جا رہا ہے، سویڈن کی حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔
صحبت پور؛
صحبت پور کی تحصیل فریدآباد میں سوئیڈن حکومت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس کے دوران سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعریبازی کی گئی۔
شرکاء نے سویڈن کے سفیرکو ملک سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی جان بوجھ کر بے حرمتی کر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا:
سوات؛
مینگورہ شہر سمیت سوات کے مختلف علاقوں میں سویڈن حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے نماز جمعہ کے بعد مختلف مقامات پر جمع ہو کر احتجاج کیا جس کے دوران انہوں نے قرآن شریف کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
