گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ مجھے الیکشن وقت پر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا واقعہ افسوسناک ہے اور اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہورہی ہیں ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانا یقینی بنائیں گا۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی بنائی ہوئی تین رکنی کمیٹی جلد تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی، پنجاب کی زیادہ تر سرکاری یونیورسٹیوں میں پرو وائس چانسلرز کی تعیناتیاں کردی گئی ہیں، پروفیسرز نہ ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ چودہ یونیورسٹیوں میں پرو وائس چانسلر کیُ تعیناتی نہیں ہو سکی ہے، چودہ یونیورسٹیوں میں کسی دوسری یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر پرو وائس چانسلر کا اضافی چارج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہونے کی وجہ سے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، بہاولپور سے مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی، قیادت کو کہہ دیا ہے کہ اپنی نشست پر میرے خاندان سے بھی کوئی الیکشن نہیں لڑے گا،قیادت خود چاہے تو میری سیٹ پر خود یا کسی اور کو نامزد کر سکتی ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ والی سیٹ پر ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہونے کا امکان ہے، طارق بشیر چیمہ والی سیٹ پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا جو فیصلہ پارٹی اور ٹکٹ بورڈ کرے گا وہ حتمی ہوگا، جمہوری شخص ہوں نہیں چاہتا کہ کسی سیاسی جماعت یا انفرادی شخصیت پر انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی ہو۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جلد پاکستان آئیں گے، مجھے الیکشن وقت پر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن کی تاریخ اس لئے نہیں دی کیونکہ اسمبلی توڑنے کے حکم نامہ پر دستخط نہیں کئے تھے، سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر اپنے فیصلے میں میری رائے کو تسلیم کیا، پنجاب اسمبلی کے سپیکر نے اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کو غیر آئینی کہا، اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد اسی سپیکر نے اپنے خط میں لکھا کہ آپکے آئینی حکم نامہ پر عمل کردیا ہے، مہنگائی سے عوام متاثر ضرور ہے لیکن موجودہ دور میں عوام کی آمدن میں بھی خاصا اضافہ ہوا ہے، گندم کی بمپر کراپ ہونے کسانوں کو بہتر معاوضہ ملنے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے مزید کہا کہ ن لیگ آئندہ انتخابات میں توقع سے زیادہ سیٹیں لے گی اور امید ہے اس پوزیشن میں ہوگی کہ اپنا وزیراعظم بنا سکے، گذشتہ سال اپریل کے بعد تھوڑا ڈائون ہوئی تھی لیکن اب مسلم لیگ ن عوام کے پاس جانے کے لئے مکمل تیار ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
