الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں سے دوبارہ مشاورت کا فیصلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں سے دوبارہ مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، آج جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے وفود نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا اور ممبران سے ملاقات کی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن کے ملک بھر میں دوبارہ حلقہ بندیاں کرانے کے فیصلے کی حمایت کی، ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ کراچی کی آبادی میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے حلقہ بندیوں کے بعد ووٹر لسٹوں کو اپگریڈ کرنے اور انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن سے سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کے انتخابی اخراجات کی بھی ایک حد مقرر کی جائے جبکہ جماعت اسلامی کا نقطہ نظر تھا کہ الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت بہت پہلے شروع کر دینی چاہیے تھی۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سخت کاروائیاں کرے۔
جماعت اسلامی نے تجویز دی کہ انتخابات سے متعلق تمام فارمز کو اردو میں ہونا چاہیے۔
چیف الیکشن کمشنر نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ ہر صورت بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی انتخابات سے متعلق تجاویز پارلیمنٹ کو ابھی بھجوائے گا، ضابطہ اخلاق پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ دوبارہ مشاورت کرے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے جدید ترین مانیٹرنگ سینٹر بھی قائم کیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
