
نگران حکومت کا بنیادی کام آزادانہ اور شفاف انتخابات کروانا ہے، نگران وزیراطلاعات
نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا بنیادی کام آزادانہ، شفاف انتخابات کروانا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے متعلق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے نظام کار پر بریف کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر کابینہ رکن سے وزارتوں کے امور پر گفتگو کی، نگران وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی ترجیح ہو گی، وفاقی کابینہ کے اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات میں پہلا ووٹ میں اور میری کابینہ ڈالے گی، میں نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور انکو وزیراعظم اور کابینہ کی جانب سے یقین دہانی کروائی کہ آئین کے مطابق انتخابات کروانے میں مکمل تعاون کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں 90 دن میں کروائیں یا زیادہ عرصے میں، الیکشن کمیشن اگر کہے کہ 90 روز میں انتخابات کروانے ہیں تو ہم تیار ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت کے حوالے سے سب سے بڑا کام آئین میں لکھا ہے، آئین میں لکھا ہے یہ ملک عوام کے منتخب نمائندے چلائیں گے، منتخب نمائندے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات سے آگے آئیں۔
انکا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے افراط زر بڑھتی ہے، 2015 کے بعد سے ملکی معیشت بدحالی کا شکار ہے، ایسا کرنا مشکل ہے کہ مہنگا تیل خرید کر سستا بیچیں، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت بہت زیادہ سبسڈی نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی طاقت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے،عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا، نگران وزیراعظم نے ملک میں انفرااسٹرکچر کی تعمیر پر زور دیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ پاکستان 25 کروڑ عوام کا ملک ہے، تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں، جڑانوالہ واقعے پر ہر فرد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم اقلیتی برادری کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News