جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف کل کراچی کی سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے شہریوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل شہر کے 15 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا، عوام پیٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف کل احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ کل شام 5 بجے سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار، کار سوار اپنی گاڑیاں بند کر کے بھر پور احتجاج کریں، عوام اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل،ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے پر امن و منظم مزاحمت اور جدو جہد کریں، عوام کل ایسی بھر پور آواز اُٹھائیں اور احتجاج کریں کہ اس کی گونج نہ صرف اسلام آباد بلکہ عالمی سطح تک پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول و بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ملک بھر میں جاری ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر چاروں گورنر ہاؤسز پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابقہ پی ڈی ایم سمیت ماضی کی ہر حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا، سارے قرضے ظالم و کرپٹ حکمرانوں نے اپنی نا اہلی و کرپشن کی نذر کر دیئے، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے چکر میں 25 کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ جاگیردار طبقے نے پورے سال میں صرف 4 ارب روپے جبکہ ملازمت پیشہ طبقے نے 264 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا، اگر اس جاگیردار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جائے تو بجلی و پیٹرول کی قیمتیں آدھی ہو سکتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
