رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظام کو ری اسٹارٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹری والے ہم سے کلاس لینگے تو مائک سسٹم ٹھیک ہو جائے گا، مواقع وہاں ملتے ہیں جہاں مسائل نہ ہوں، پاکستان میں مسائل ہی مسائل ہیں کوئی کہتا ہے کرپشن مسئلہ ہے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اختیارات اور وسائل کا ایک جگہ جمع ہو جانا ہے، پورے پاکستان کی طاقت پانچ لوگوں کے پاس ہے، ایک وزیراعظم اور پانچ وزرائے اعلیٰ کے پاس تمام اختیارات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو پیسہ جمع ہوتا ہے این ایف سی کے ذریعے دیا جاتا ہے، پاکستان میں 56 فیصد ریونیو صوبوں کو چلا جاتا ہے، 44 فیصد ریونیو وفاقی حکومت کے پاس جاتا ہے، 56 فیصد ریونیو سے صوبوں کو کسی کو پیسے نہیں دینے ہوتے، وفاق کو جو ریونیو ملتا ہے اس سے اس کو فوج کو بھی پیسے دینے ہیں، قرضہ بھی دینا ہے، وفاق سے صوبوں کو ملنے والے پیسے مل رہے ہیں ضلعی سطح پر نہیں جا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹیچر نہیں گیارہ ہزار اسکول گھوسٹ ہیں، ایک وزیر اعلیٰ کے پاس صوبے کا سارا پیسہ ہوتا ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو دیے گئے ہیں لیکن صوبوں سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہمارا ایم پی اے نالی بنوانے کے لیے تقریریں کرتا ہے، قانون ساز ادارے کا کام صرف قانون سازی کرنا ہے، ہمارے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو ڈیولپمنٹ فنڈ ملتے ہیں اس سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا، یہ فنڈز ایم این ایز اور ایم پی ایز کو رشوت دینے کے مترادف ہے، پورے ملک کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی تعداد 780 ہے۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج کا پاکستان ایک ایسی جگہ آگیا ہے نظام نہیں چل رہا، پاکستان کے نظام کو ری اسٹارٹ کرنے کی ضرورت ہے، میں جس پارٹی سے تعلق رکھتا ہوں اس نے 13 صفحات پر مشتمل ایک آئینی مسودہ تیار کر رکھا ہے، ہمیں اس ملک کی بس کا ڈرائیور بننا ہے بریک اور ایکسیلیٹر اپنے ہاتھ میں رکھنا ہے، آج تک نیب اور اینٹی کرپشن اس ملک سے کرپشن نہیں ختم کر پائے، آج کا پاکستان ہینگ ہو کر رہ گیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
